گوگل کی آرٹیفیشل انٹیلیجنس ’جیمنی‘ کو امریکا اور برطانیہ سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں اچانک شدید تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کے باعث ہزاروں صارفین کی آن لائن سرگرمیاں معطل ہوکر رہ گئیں۔
ویب سائٹوں کی بندش پر نظر رکھنے والے معروف پلیٹ فارم ‘ڈاؤن ڈیٹیکٹر’ کے مطابق 2 ہزار سے زائد صارفین نے جیمنی کے کام نہ کرنے کی باقاعدہ شکایات درج کروائیں۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل ڈاؤن: دنیا بھر میں جی میل، یوٹیوب، سرچ اور ڈرائیو متاثر
تکنیکی ڈیٹا سے معلوم ہوا ہے کہ یہ خرابی اپنے عروج پر امریکی وقت کے مطابق صبح 6:11 بجے اور جی ایم ٹی کے مطابق 11:11 بجے دیکھی گئی۔
امریکا میں پیش آنے والے مسائل کے اعداد و شمار پر نظر ڈالی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ سب سے زیادہ متاثر موبائل ایپلیکیشن استعمال کرنے والے صارفین ہوئے، جہاں تقریباً 58 فیصد افراد کو ایپ تک رسائی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور متعدد اینڈرائیڈ صارفین کے پاس ‘Error 1706’ ظاہر ہوتا رہا۔
اس کے علاوہ 34 فیصد صارفین نے جیمنی کی ویب سائٹ نہ چلنے کی شکایت درج کروائی، جبکہ بقیہ 6 فیصد افراد کو آٹومیشن اور روزمرہ کے کاروباری ورک فلو میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔
اس اچانک بندش کے فوراً بعد متاثرہ صارفین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) کا رخ کیا اور شدید مایوسی کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل نے اعلیٰ کارکردگی کا حامل نیا اے آئی ماڈل جیما 4 متعارف کروا دیا
ایک صارف نے لکھا کہ جیمنی اینڈرائیڈ ایپ پر ایرر 1706 کے ساتھ مکمل طور پر بند ہوچکی ہے، جبکہ ایک اور صارف نے شکایت کی کہ گوگل کی سروسز ڈاؤن ہیں اور ان کے پاس کچھ بھی کام نہیں کررہا۔
گوگل کی جانب سے تاحال اس بندش کی اصل وجہ یا اس کے مکمل حل کے حوالے سے کوئی باضابطہ موقف سامنے نہیں آیا ہے، تاہم توقع کی جارہی ہے کہ تکنیکی ٹیمیں اس خرابی کو دور کرنے کے لیے فعال ہیں۔













