نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ سے رابطہ کیا، جس میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکراتی پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ اِگنازیو کاسِس سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے امریکا اور ایران کے درمیان کسی ممکنہ مفاہمت کے لیے جاری کوششوں اور حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں:اسحاق ڈار اور کویتی وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، بدلتی عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال
ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار اور سوئس وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ جاری سفارتی سرگرمیاں جلد خطے میں امن اور استحکام کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گی۔
دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ علاقائی صورتحال کے حوالے سے قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا اور سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل کی حمایت کرتا ہے۔














