خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید بارش، آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 33 زخمی ہوگئے، متعدد علاقوں میں املاک کو بھی نقصان پہنچا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خراب موسم کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے کے مختلف واقعات پیش آئے، جن میں جانی نقصانات ریکارڈ کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش، محکمہ موسمیات نے گرمی سے تنگ شہریوں کو خوشخبری سنا دی
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 بچے، 4 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 7 مرد، 12 خواتین اور 14 بچے شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بارش سے ہونے والے حادثات بنوں، شانگلہ اور مانسہرہ کے اضلاع میں پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں شدید گرمی اور بارشوں کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، جس سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور فلیش فلڈ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کے کن علاقوں میں آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے؟
حکام نے چترال، دیر، سوات، کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے حساس مقامات کی نگرانی بڑھانے کا حکم دیا ہے۔
عوام کو دریا کے کناروں، برساتی نالوں اور تیز بہاؤ والے مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ خطرناک علاقوں میں بروقت وارننگ اور ضرورت پڑنے پر انخلا یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔














