وفاقی حکومت کی جانب سے مالی سال 27-2026 کا بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کر دیا گیا ہے، جس کی پارلیمان سے منظوری کے بعد یکم جولائی 2026 سے نئے مالی سال کا باقاعدہ آغاز ہوگا اور بجٹ اقدامات نافذ العمل ہو جائیں گے۔
حکومت نے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس کی شرحوں میں کمی اور ردوبدل کی تجویز دی ہے، جس کے تحت لاکھوں ملازمین کے ٹیکس بوجھ میں تبدیلی آئے گی۔ نئی ٹیکس سلیبز کے مطابق کم آمدنی والے افراد کو ریلیف دیا گیا ہے جبکہ زیادہ آمدن رکھنے والوں کے لیے مرحلہ وار ٹیکس نظام برقرار رکھا گیا ہے۔
50 ہزار روپے ماہانہ آمدن تک مکمل ٹیکس چھوٹ
مجوزہ ٹیکس نظام کے تحت ماہانہ 50 ہزار روپے تک تنخواہ حاصل کرنے والے افراد کو انکم ٹیکس سے مکمل استثنیٰ حاصل ہوگا۔ اس طرح سالانہ 6 لاکھ روپے تک آمدن رکھنے والے ملازمین کسی قسم کا انکم ٹیکس ادا نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:بجٹ 27-2026: تنخواہ پر ریلیف، اب آپ کا کتنا ٹیکس کٹے گا، جانیے اس خبر میں!
ایک لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر کتنا ٹیکس؟
نئے بجٹ کے مطابق ماہانہ 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک آمدن رکھنے والے افراد قابلِ ٹیکس آمدن پر ایک فیصد ٹیکس ادا کریں گے۔ مثال کے طور پر اگر کسی ملازم کی ماہانہ تنخواہ ایک لاکھ روپے ہے تو اسے تقریباً 500 روپے ماہانہ انکم ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
نظرثانی شدہ ماہانہ ٹیکس سلیبز
حکومت کی جانب سے تجویز کردہ نئی ٹیکس شرحیں درج ذیل ہیں
50001 سے 100,000 روپے ماہانہ آمدن پر 1 فیصد ٹیکس
100,001 سے 183,333 روپے ماہانہ آمدن، 500 روپے مقررہ ٹیکس
اس کے علاوہ ایک لاکھ روپے سے زیادہ رقم پر 11 فیصد ٹیکس
183,334 سے 266,667 روپے ماہانہ آمدن، 9,667 روپے مقررہ ٹیکس
183,333 روپے سے زیادہ رقم پر 20 فیصد ٹیکس
266,668 سے 341,667 روپے ماہانہ آمدن، 26,333 روپے مقررہ ٹیکس
266,667 روپے سے زیادہ رقم پر 25 فیصد ٹیکس
- 341,668 سے 446,667 روپے ماہانہ آمدن، 45,083 روپے مقررہ ٹیکس
341,667 روپے سے زیادہ آمدن پر 29 فیصد ٹیکس
446,668 سے 583,333 روپے ماہانہ آمدن، 81,333 روپے مقررہ ٹیکس
446,667 روپے سے زائد رقم پر 32 فیصد ٹیکس
583,333 روپے سے زائد ماہانہ آمدن، 118,667 روپے مقررہ ٹیکس
583,333 روپے سے زائد آمدن پر 35 فیصد ٹیکس
مختلف تنخواہوں پر اندازاً ٹیکس کتنا بنے گا؟
| ماہانہ تنخواہ | اندازاً ماہانہ ٹیکس |
|---|---|
| 50,000 روپے | صفر |
| 75,000 روپے | 250 روپے |
| 100,000 روپے | 500 روپے |
| 150,000 روپے | تقریباً 6,000 روپے |
| 200,000 روپے | تقریباً 13,000 روپے |
| 300,000 روپے | تقریباً 34,000 روپے |
| 400,000 روپے | تقریباً 62,000 روپے |
| 500,000 روپے | تقریباً 98,000 روپے |
| 600,000 روپے | تقریباً 124,000 روپے |
پارلیمانی منظوری کے بعد نفاذ
حکومتی حکام کے مطابق یہ تمام ٹیکس اقدامات پارلیمنٹ سے بجٹ کی منظوری کے بعد یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوں گے۔ نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ ہی سرکاری اور نجی شعبے کے لاکھوں ملازمین کی تنخواہوں سے انکم ٹیکس کٹوتی نئی شرحوں کے مطابق کی جائے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت نے کم اور متوسط آمدنی والے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کی کوشش کی ہے، تاہم حتمی ٹیکس شرحیں پارلیمانی بحث اور منظوری کے بعد ہی نافذ ہوں گی۔














