آزاد کشمیر پولیس نے کالعدم ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے دوران ہونے والے نقصان کی تفصیلات جاری کردیں، اور بتایا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی پر 400 سے زیادہ افراد کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ترجمان انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر کی جانب سے امن عامہ کی صورتحال کے حوالے سے جاری تفصیل میں کہا گیا ہے کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی پرتشدد کارروائیوں کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکار، جن میں ایک سب انسپکٹر بھی شامل ہے، شہید جبکہ 89 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ شرپسند عناصر کی جانب سے سی ایم ایچ راولاکوٹ میں توڑ پھوڑ کی گئی اور مریضوں پر تشدد کے واقعات بھی پیش آئے۔ اس کے علاوہ براہ راست فائرنگ کے نتیجے میں ایک بکتر بند پر قریباً 30 گولیوں کے نشانات پائے گئے، جبکہ فائرنگ کے باعث 2 ٹائر بھی پھٹ گئے۔
راولاکوٹ میں فورسز کی بھاری نفری تعینات
ترجمان کے مطابق راولاکوٹ میں موجود شرپسند عناصر کی سرگرمیوں کو قابو میں رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معقول تعداد تعینات ہے، جو امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے دن رات فرائض انجام دے رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ بھمبر، میرپور، کوٹلی، سدھنوتی، حویلی، باغ، جہلم ویلی، مظفرآباد اور نیلم میں حالات معمول کے مطابق ہیں۔ ان اضلاع میں کہیں شٹر ڈاؤن نہیں جبکہ بعض مقامات پر معمولی نوعیت کا پہیہ جام دیکھا گیا ہے۔
کاروبار اور ٹریفک معمول کے مطابق
ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے تاجروں اور گاڑی مالکان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے، جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں اور ٹریفک کی روانی برقرار ہے۔
ترجمان نے کہاکہ اس صورتحال کا کریڈٹ آزاد کشمیر پولیس کے ساتھ ساتھ امن پسند عوام کو بھی جاتا ہے، جنہوں نے حالات کو معمول پر رکھنے میں تعاون کیا۔
81 مقدمات درج، 425 افراد گرفتار
ترجمان آئی جی پولیس کے مطابق 6 جون 2026 سے 14 جون 2026 کے دوران کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر کے خلاف مجموعی طور پر 81 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ اور ان مقدمات میں نامزد اور ملوث افراد میں سے 425 شرپسندوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 15 خودکار غیر قانونی ہتھیار بمعہ ایمونیشن برآمد کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ آہنی مکے، واکی ٹاکی سیٹ، حساس نوعیت کے آلات اور مختلف دستاویزات بھی تحویل میں لی گئی ہیں۔
400 سے زیادہ افراد کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کا فیصلہ
ترجمان نے مزید بتایا کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے 400 سے زیادہ شرپسند اراکین اور کارکنان کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔
مجموعی صورتحال تسلی بخش قرار
آزاد کشمیر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حکمت عملی کے نتیجے میں مجموعی طور پر آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اضلاع کے درمیان ٹریفک کی آمدورفت جاری ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے تمام داخلی راستے کھلے ہیں اور ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بحال ہیں۔
پرامن رہیں اور افواہوں پر کان نہ دھریں،عوام سے اپیل
ترجمان آئی جی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پُرامن رہیں، افواہوں پر کان نہ دھریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ حساس مقامات اور غیر قانونی اجتماعات سے دور رہیں اور کسی بھی کالعدم یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تنظیم سے لاتعلقی اختیار کریں۔
ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر کسی مشکوک سرگرمی، مسلح افراد کی موجودگی، اشتعال انگیز منصوبہ بندی یا امن عامہ کو متاثر کرنے والے کسی بھی اقدام کی اطلاع ہو تو فوری طور پر قریبی تھانے یا ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا جائے۔













