سپریم کورٹ آف پاکستان نے کورونا وائرس از خود نوٹس کیس کو نمٹا دیا ہے۔
پیر 12 جون کو جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی اور وفاقی وصوبائی حکومتوں کو وقتاً فوقتاً رپورٹس جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے قرار دیا کہ عالمی ادارہ صحت نے کورونا کو عالمی وبا ڈیکلیئر کرنے سے متعلق ایمرجنسی اٹھا لی ہے اور اب اس کو عالمی سطح پر وبا تصور نہیں کیا جاتا ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ وفاقی حکومت کورونا وبا سے متعلق اقدامات کر رہی ہے، حکومت وقت کے ساتھ ایمرجنسی کا نوٹیفکیشن جاری کرتی رہی اور کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات اٹھائے جاتے رہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ کورونا وبا کو ایمرجنسی ظاہر کرنے کا آخری نوٹیفکیشن 30 ستمبر 2022 کو جاری ہوا تھا جب کہ عالمی ادارہ صحت نے بھی اس سے متعلق ایمرجنسی اٹھا لی ہے اس لیے کورونا وبا سے متعلق ازخود نوٹس کیس اور دیگر تمام درخواستیں نمٹائی جاتی ہیں۔
واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) نے 3 سال بعد 5 مئی کو کووڈ 19 کی وبا کے لیے نافذ عالمی ایمرجنسی ختم کرنیکا اعلان کیا تھا۔
ڈبلیو ایچ او کی ایمرجنسی کمیٹی کا اجلاس 4 مئی کو ہوا تھا جس میں عالمی ایمرجنسی ختم کرنے کی سفارش کی گئی تھی، جس کے بعد 5 مئی جمعے کو ایمرجنسی ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا تھا۔














