گلگت بلتستان: پیپلز پارٹی کی جانب سے امجد حسین ایڈووکیٹ وزیراعلیٰ نامزد

ہفتہ 20 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان میں سیاسی ہلچل عروج پر پہنچ گئی ہے جہاں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے گلگت بلتستان کے آئندہ وزیراعلیٰ کے لیے پارٹی کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ کو نامزد کر دیا ہے۔

پیپلزپارٹی کی جانب سے اعلان کے بعد یہ خطے کی سیاسی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ پیپلز پارٹی نے ’گلگت ریجن‘ سے تعلق رکھنے والے کسی رہنما کو اس اعلیٰ ترین عہدے کے لیے موزوں قرار دیا ہے، جس سے مقامی سیاسی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

انتخابی نتائج اور ایوان کی صورتحال

حالیہ عام انتخابات میں امجد حسین ایڈووکیٹ نے حلقہ جی بی اے-1 (گلگت) سے شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔ الیکشن کمیشن آف گلگت بلتستان کی جانب سے جاری کردہ آفیشل ڈیٹا کے مطابق اب تک 24 میں سے 21 حلقوں کے حتمی نتائج سامنے آ چکے ہیں، جن میں پیپلز پارٹی 9 نشستیں حاصل کر کے سب سے بڑی جماعت کے طور پر ابھری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان میں 4 ارکان کی آئی پی پی میں شمولیت، کیا حکومت سازی میں نیا موڑ آگیا؟

پارٹی کے سینیئر رہنماؤں کا دعویٰ ہے کہ ’خواتین کی مخصوص نشستوں اور ٹیکنو کریٹس کے کوٹے کو شامل کرنے کے بعد پیپلز پارٹی کو ایوان میں واضح اور مستحکم اکثریت حاصل ہو چکی ہے اور وہ تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے‘۔

مسلم لیگ (ن) کا پیپلز پارٹی کا ساتھ دینے کا بڑا اعلان

ادھر سیاسی جوڑ توڑ کے اس مرحلے پر مسلم لیگ (ن) نے بھی پتے شو کر دیے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کی پارٹی خطے کے وسیع تر مفاد اور سیاسی استحکام کے لیے حکومت سازی میں پاکستان پیپلز پارٹی کا بھرپور ساتھ دے گی۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس اتحاد کو گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لیے ایک ‘مثبت سنگِ میل’ قرار دے رہے ہیں۔

اسمبلی کا اجلاس کل طلب، نئے ارکان حلف اٹھائیں گے

ادھر گلگت بلتستان اسمبلی کا نو منتخب اجلاس کل طلب کر لیا گیا ہے، جس کی تیاریاں مکمل ہیں۔ اس اہم ترین اجلاس میں نئے منتخب ہونے والے ارکانِ اسمبلی اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

مزید پڑھیں:خواجہ آصف نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو سینیٹ اور قومی اسمبلی کی نمائندگی دینے کی بلاول بھٹو کی تجویز کی حمایت کردی

حلف برداری کی تقریب کے فوری بعد اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور بعد ازاں نئے قائدِ ایوان (وزیراعلیٰ) کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ امجد حسین ایڈووکیٹ کی نامزدگی کے بعد اب ان کے بلا مقابلہ یا بھاری اکثریت سے وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے امکانات واضح ہو گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp