حج 2027 رجسٹریشن کا آغاز 22 جون سے ہوگا، وزارت مذہبی امور

اتوار 21 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان نے حج 2027 کے لیے رجسٹریشن کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت عازمین حج 22 جون 2026 سے آن لائن درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔

وزارت کے مطابق حج 2027 کی رجسٹریشن سعودی ہدایات اور ضوابط کے مطابق مکمل کی جائے گی، جبکہ اس عمل کا مقصد عازمین حج کے لیے شفاف اور آسان سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان کے مطابق عازمین حج کو سرکاری ویب سائٹ www.hajj.mora.gov.pk پر اپنا یوزر اکاؤنٹ بنا کر اپنی اور اپنے گروپ کی تفصیلات کے ساتھ رجسٹریشن کرانا ہوگی۔ حکام نے ہدایت کی ہے کہ رجسٹریشن صرف فیملی پر مشتمل گروپس کی صورت میں کی جائے۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ رجسٹریشن کے مرحلے پر پاسپورٹ کی ضرورت نہیں ہوگی، تاہم حج بلنگ کے مرحلے پر پاسپورٹ لازمی ہوگا، اور بغیر پاسپورٹ کے کوئی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔ پاسپورٹ کی میعاد کم از کم 16 نومبر 2027 تک ہونا ضروری قرار دی گئی ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ صرف رجسٹرڈ افراد کو ہی حج 2027 کی بلنگ میں حصہ لینے کی اجازت ہوگی، اور یہی افراد سرکاری یا پرائیویٹ حج اسکیم میں شمولیت کا انتخاب بھی کر سکیں گے۔ یہ طریقہ کار بیرون ملک مقیم پاکستانی (اوورسیز) عازمین پر بھی لاگو ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی حجاج کو مدینہ منورہ میں معیاری سہولیات کی فراہمی جاری، واپسی کا مرحلہ 30 جون کو مکمل ہوگا

وزارت کے مطابق حج 2027 کے لیے رجسٹریشن مکمل طور پر مفت ہوگی، جبکہ حج پالیسی 2027 کے تحت اخراجات اور دیگر شرائط و ضوابط بعد میں الگ سے جاری کیے جائیں گے۔ بلنگ کا عمل “پہلے آئیں پہلے پائیں” کی بنیاد پر ہوگا اور مقررہ تعداد مکمل ہونے تک جاری رہے گا۔

مزید کہا گیا ہے کہ رجسٹریشن اور حج سے متعلق تمام معلومات وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دستیاب ہوں گی۔ اس کے علاوہ عازمین حج رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن نمبرز 051-9216980، 051-9216981، 051-9216982 اور 051-9205696 پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp