وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے سوئٹزرلینڈ کے نائب صدر اور وزیر خارجہ مسٹر اِگنازیو کاسِس نے برگن اسٹاک میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری تکنیکی سطح کے مذاکرات کے موقع پر ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سوئس وزیر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط تک پہنچنے والے مذاکراتی عمل میں پاکستان کے مؤثر ثالثی کردار کو سراہا اور اس عمل کے آئندہ مراحل میں تعاون اور معاونت کی خواہش کا اظہار کیا۔
سوئٹزرلینڈ کے نائب صدر اور وزیر خارجہ کی وزیراعظم سے ملاقات
سوئٹزرلینڈ کے نائب صدر اور وزیر خارجہ، مسٹر اِگنازیو کاسِس، نے برگن اسٹاک، سوئٹزرلینڈ میں امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تکنیکی سطح کے مذاکرات کے موقع پر پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔
ملاقات کے… pic.twitter.com/ETKdV9atw2
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) June 21, 2026
وزیراعظم نے سوئس حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر کامیاب عمل درآمد خطے میں پائیدار امن اور عالمی اقتصادی استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔
وزیراعظم نے پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کی مسلسل سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سوئس کمپنیاں اپنی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کریں گی۔
انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سیکیورٹی کے شعبوں میں سوئٹزرلینڈ کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کے لیے پاکستان کے اعلیٰ تربیت یافتہ ماہرین کی خدمات فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔
دونوں فریقین نے ادویہ سازی، سیاحت، موسمیاتی تبدیلی اور آفات کے خطرات میں کمی جیسے باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر سوئس وزیر خارجہ کو باہمی سہولت کے مطابق پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔














