فیفا ورلڈ کپ 2026: 3 ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گئیں، 3 ٹیمیں ایونٹ سے باہر

پیر 22 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے کے نصف سے زائد مقابلے مکمل ہونے کے بعد ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کی دوڑ تیز ہوگئی ہے، جہاں 3 ٹیمیں اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں جبکہ 3 ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔

48 ٹیموں پر مشتمل  فیفا ورلڈ کپ 2026 میں مجموعی طور پر 32 ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی حاصل کریں گی، جس کے میچز 28 جون سے 3 جولائی تک کھیلے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2034: پاکستان 4 لاکھ تک ہنرمند کارکن سعودی عرب بھیجنے کا خواہاں

ہر 12 گروپس سے پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں براہ راست اگلے مرحلے میں جائیں گی، جبکہ 8 بہترین تیسری پوزیشن والی ٹیمیں بھی راؤنڈ آف 32 میں جگہ بنائیں گی۔ اس کے بعد ٹیمیں راؤنڈ آف 16، کوارٹر فائنل، سیمی فائنل اور تیسری پوزیشن کے پلے آف تک رسائی کے لیے مقابلہ کریں گی، جبکہ فائنل 19 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

برابر پوائنٹس کی صورت میں نئے قوانین

فیفا نے 2026 ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ برابر پوائنٹس حاصل کرنے والی ٹیموں کی درجہ بندی کے لیے ہیڈ ٹو ہیڈ ریکارڈ کو اہم معیار قرار دیا ہے۔

اگر ایک ہی گروپ میں 2 یا زیادہ ٹیموں کے پوائنٹس برابر ہوں تو سب سے پہلے ان ٹیموں کے باہمی مقابلوں میں حاصل کردہ پوائنٹس اور گولوں کے فرق کو دیکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ میں سنسنی خیز مقابلے، جاپان، برازیل اور امریکا کی اہم فتوحات

اگر اس کے باوجود فیصلہ نہ ہوسکے تو تمام گروپ میچز میں مجموعی گول فرق، کیے گئے گول اور پیلے و سرخ کارڈز کی بنیاد پر ٹیموں کے نظم و ضبط کے ریکارڈ کو مدنظر رکھا جائے گا۔

اگر پھر بھی برابری برقرار رہے تو فیفا کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔

ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے والی 3 ٹیمیں

میکسیکو (گروپ اے)

میزبان ممالک میں شامل میکسیکو ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ اس نے جنوبی کوریا کو 0-1 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by FIFA World Cup (@fifaworldcup)

امریکا (گروپ ڈی)

امریکا نے آسٹریلیا کو 0-2 سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے میں اپنی جگہ یقینی بنائی۔ اس سے قبل امریکا نے پیراگوئے کو 1-4 سے ہرایا تھا۔

جرمنی (گروپ ای)

جرمنی نے آئیوری کوسٹ کے خلاف 1-2 کی کامیابی کے بعد اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔ افتتاحی میچ میں جرمنی نے کیوراساؤ کے خلاف 7 گول کیے تھے۔

ورلڈ کپ سے باہر ہونے والی 3 ٹیمیں

ہیٹی (گروپ سی)

ہیٹی برازیل کے ہاتھوں 0-3 کی شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ 1974 کے بعد اپنے پہلے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ٹیم ابتدائی میچ میں اسکاٹ لینڈ سے بھی 0-1 سے ہاری تھی۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Drog BABA (@thedrogbaba)

ترکیہ (گروپ ڈی)

ترکیہ پیراگوئے کے خلاف 0-1 اور آسٹریلیا کے خلاف 0-2 کی شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا۔

تیونس (گروپ ایف)

تیونس جاپان کے ہاتھوں 0-4 کی شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہونے والی تیسری ٹیم بن گیا۔ یہ مقابلہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ کا 1000 واں میچ بھی تھا۔

اس سے قبل تیونس اپنے پہلے میچ میں سویڈن کے خلاف 1-5 سے شکست کھا چکا تھا۔ تیونس 1978 میں میکسیکو کو شکست دے کر ورلڈ کپ میچ جیتنے والی پہلی افریقی ٹیم بنا تھا، تاہم وہ آج تک گروپ مرحلے سے آگے نہیں بڑھ سکا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp