ڈیٹنگ ایپ ‘بمبل’ پر پہلی ملاقات کے بعد ایک ’30’ سالہ خاتون کی جانب سے ’28’ سالہ نوجوان کا پیچھا کرنے اور اسے ہراساں کرنے کا ایک خوفناک واقعہ سامنے آیا ہے۔
نوجوان نے سوشل میڈیا پر اپنی آپ بیتی شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ صرف ایک ڈیٹ کے بعد جب اس نے خاتون کے ساتھ تعلق آگے بڑھانے سے انکار کیا تو اس کی زندگی عذاب بن گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیٹنگ ایپس صارفین کو ذہنی دباؤ کے خطرناک دائرے میں کیسے پھنساتی ہیں؟
نوجوان کے مطابق وہ ‘روتھ’ نامی خاتون کو اپنی گاڑی میں پک کر کے جم لے گیا جہاں انہوں نے متبادل نام استعمال کرنے اور اپنے 8 سالہ ازدواجی تعلق کے خاتمے کا ذکر کیا۔ واپسی پر جب نوجوان نے روتھ کو گھر ڈراپ کیا تو اس نے اگلی ملاقات کے لیے ایک ریسٹورنٹ جانے کی پیشکش کی، لیکن نوجوان نے گھر پہنچ کر اسے میسج کیا کہ وہ ان کے درمیان کوئی تال میل محسوس نہیں کرتا اور بات ختم کردی۔
تعلق ختم کرنے کے پیغام کے بعد خاتون نے اسے مسلسل کالز اور میسجز کرنا شروع کردیے، جس پر نوجوان نے اسی رات ’11’ بجے تک ’10’ سے زائد کالز آنے کے بعد اس کا نمبر بلاک کردیا۔ اگلے ہی دن نوجوان کو مختلف نمبروں سے مزید ’20’ مسڈ کالز آئیں اور خاتون نے وائس میلز کے ذریعے اس سے رابطہ کرنے کا مطالبہ جاری رکھا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے نوجوان انجینئر کس طرح لٹیروں کے ہتھے چڑھ گیا؟
خوفناک صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب روتھ نے کسی طرح نوجوان کے گھر کا پتا معلوم کر لیا اور اس کے گھر کے باہر آ کر کھڑی ہوگئی۔ نوجوان کی والدہ نے جب اسے وہاں سے جانے کا کہا تو وہ دروازے پر ایک عجیب و غریب خط پھینک کر چلی گئی، جس میں لکھا تھا کہ ‘میں کوئی اسٹاکر نہیں ہوں، میں نے صرف وضاحت اور کنفیوژن دور کرنے کے لیے دوستوں کے ذریعے تمہارا پتا معلوم کیا’۔
سوشل میڈیا پر یہ واقعہ وائرل ہونے کے بعد صارفین نے نوجوان کو شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مشورہ دیا ہے کہ وہ فوری طور پر پولیس کو رپورٹ کرے اور عدالت سے پروٹیکٹو آرڈر حاصل کرے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ صرف ایک ملاقات کے بعد اس حد تک جنونی ہو جانا انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، اس لیے اپنی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔














