ایران امریکا مذاکرات: پاکستان کی ثالثی میں 3 تکنیکی ورکنگ گروپس قائم کر دیے گئے، اگلے منگل یا بدھ کو مذاکرات دوبارہ ہوں گے، دفتر خارجہ

بدھ 24 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ ایران کے صدر نے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا ایک روزہ خصوصی دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم سے اہم ملاقاتیں کیں۔

ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم سے باضابطہ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی قیادت نے پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید پڑھیں:روس اور پاکستان کے مشاورتی گروپ کا اجلاس، بین الاقوامی فورمز پر باہمی تعاون کا عزم

طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن اسٹاک میں ایران اور امریکا کے درمیان پاکستان کی ثالثی میں مذاکرات کا انعقاد ہوا، جبکہ 21 جون کو مذاکرات کا دوسرا دور بھی منعقد کیا گیا۔ اگلے ہفتے منگل یا بدھ کو مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ان مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کی۔

ترجمان کے مطابق مذاکرات کے اگلے مرحلے کے لیے 3 خصوصی تکنیکی ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے ہیں۔ پہلا گروپ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معاملات کا جائزہ لے رہا ہے، جبکہ دوسرا گروپ پابندیوں اور منجمد اثاثوں کے مسائل پر کام کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تیسرا ورکنگ گروپ لبنان کی صورتحال اور اس سے متعلق امور کا جائزہ لے رہا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ان گروپس کی سفارشات کی روشنی میں مذاکرات کے آئندہ مراحل کو آگے بڑھایا جائے گا۔

مزید پڑھیں:امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے تناظر میں پاکستان کی ثالثی کی کوششیں جاری ہیں، دفتر خارجہ

طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور سفارتی حل کے فروغ کے لیے اپنی تعمیری کوششیں جاری رکھے گا اور تمام فریقین کے درمیان مکالمے اور تعاون کی حمایت کرتا رہے گا۔

طاہر حسین اندرابی نے بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے رابطوں کے دوران باہمی دلچسپی کے متعدد امور اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پیشرفت کو خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔ عالمی برادری کی جانب سے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور تعمیری کردار کی ستائش کا خیرمقدم کرتے ہیں اور پاکستان مستقبل میں بھی علاقائی امن کے قیام کے لیے فعال اور مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

ترجمان نے ثالثی کے عمل میں پاکستانی میڈیا کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ قومی میڈیا نے حساس سفارتی پیشرفت کے دوران ذمہ داری، احتیاط اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل کا مظاہرہ کیا، جس سے امن کوششوں کو تقویت ملی۔

انہوں نے بتایا کہ مذاکراتی عمل کے اگلے مراحل میں پاکستان اور قطر کی تکنیکی ٹیمیں امریکا اور ایران کی متعلقہ تکنیکی ٹیموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گی تاکہ مختلف امور پر پیشرفت کو یقینی بنایا جا سکے اور ورکنگ گروپس کے کام میں سہولت فراہم ہو۔

مزید پڑھیں: بھارت نے پانی روکنے کی کوشش کی تو اسے جنگی اقدام سمجھا جائے گا، پاکستان

طاہر حسین اندرابی کے مطابق 21 جون کو پاکستان، مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کا ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت اور سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن اسٹاک میں ہونے والے مذاکرات کے نتائج اور آئندہ لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ صومالیہ کے ساحلی علاقے میں چند پاکستانی شہریوں کو یرغمال بنائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ پاکستان اس معاملے پر صومالیہ کے حکام اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور یرغمال پاکستانیوں کی محفوظ بازیابی کے لیے سفارتی اور قونصلر سطح پر تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

’مولانا کی قدم بوسی کے لیے حاضر ہوتا ہوں‘، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان دلچسپ مکالمہ

آئینی ترمیم سے پہلے ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں، بلاول بھٹو زرداری

خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی، پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کتنی سستی ہوسکتی ہیں؟

مہاجرین کی 12 نشستوں کا معاملہ حساس، انہیں حقِ رائے دہی سے محروم نہیں کیا جا سکتا، رانا ثنااللہ

ٹرمپ اور امریکا پر عالمی اعتماد میں ریکارڈ کمی، نئی سروے رپورٹ نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

ویڈیو

پاک ایران گیس پائپ لائن سمیت متعدد بڑے معاشی منصوبوں کی بحالی کے امکان روشن

پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ تاریخ، اعتماد اور مذہبی وابستگی پر استوار ہیں، رحمان حیات

کراچی کے شہری سندھ حکومت کی کارکردگی سے کس قدر مطمئن ہیں؟

کالم / تجزیہ

مسکراہٹیں بکھیرنے والے ادیب کی داستانِ غم

بلوچستان: فیصلہ یہیں ہوگا

جب پاکستان ہاکی نے ارجنٹائن کو عالمی فٹبال کپ جتوایا