فرسٹ لیڈی آصفہ بھٹو زرداری کا اقوامِ متحدہ کے ساتھ سماجی ترقی کے منصوبوں پر تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

بدھ 24 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فرسٹ لیڈی آصفہ بھٹو زرداری نے پاکستان اور اقوامِ متحدہ کے مابین دیرینہ اور کثیرالجہتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ ‘ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

بدھ کو آصفہ بھٹو زرداری کی زیر صدارت ایوانِ صدر میں اقوامِ متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ اور یو این کے مختلف ذیلی اداروں کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس کے دوران ترقی، صحت، تعلیم، موسمیاتی لچک اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر مکمل اتفاق کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:کیا آصفہ بھٹو زرداری پسماندہ حلقے این اے ون چترال سے الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں؟

آصفہ بھٹو زرداری نے ملک بھر میں خدمات انجام دینے والے اقوامِ متحدہ کے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے صحتِ عامہ، بچوں کی فلاح، پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

پاکستان اور اقوامِ متحدہ کی شراکت داری

ملاقات کے دوران اقوامِ متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے فرسٹ لیڈی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اقوامِ متحدہ 1947 سے پاکستان میں موجود ہے اور اس وقت ملک بھر میں اس کا تقریباً 4,000 افراد پر مشتمل عملہ مختلف ترقیاتی، انسانی ہمدردی اور سماجی شعبوں میں خدمات انجام دے رہا ہے۔

پولیو کا خاتمہ اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال

فرسٹ لیڈی نے پولیو سے پاک پاکستان کے قومی عزم کو دہراتے ہوئے انسدادِ پولیو مہم میں اقوامِ متحدہ کے مسلسل تعاون کی تعریف کی۔

اس موقع پر محمد یحییٰ کا کہنا تھا کہ ’آئندہ بارہ ماہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے انتہائی اہم ہیں‘۔ انہوں نے صحتِ عامہ کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی، خصوصاً مصنوعی ذہانت کے استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کے مؤثر استعمال سے پولیو ویکسین کو ہر گھر تک پہنچانے میں بڑی مدد مل سکتی ہے۔

ماں اور بچے کی صحت اور ’اسٹنٹنگ‘ کا چیلنج

فرسٹ لیڈی نے ماں اور بچے کی صحت اور غذائیت کے شعبے میں یو این کی معاونت کو سراہا اور ’بینظیر نشوونما پروگرام‘ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

بریفنگ کے دوران تشویشناک اعداد و شمار سامنے لاتے ہوئے بتایا گیا کہ پاکستان میں تقریباً 41 فیصد بچے نشوونما کی کمی یعنی ’اسٹنٹنگ‘ کا شکار ہیں، جبکہ غذائی قلت، زچگی سے متعلق مسائل، خون کی کمی، کم عمری کی شادیاں اور تربیت یافتہ طبی سہولیات تک عدم رسائی جیسے چیلنجز بدستور موجود ہیں۔

مزید پڑھیں:پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی میں انسانیت کے سفر کی نمائش، آصفہ بھٹو زرداری کی شرکت

بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ ماں اور بچے کی صحت پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا بنیادی حصہ ہے اور اس صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے خواتین کی صحت، بچیوں کی تعلیم، معاشی شمولیت اور صنفی بنیاد پر ہونے والے تشدد کے خلاف اقدامات کے لیے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

موسمیاتی تبدیلی اور لچکدار ترقی

موسمیاتی تبدیلی کو موجودہ دور کا سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے فرسٹ لیڈی نے 2022 اور 2025 کے تباہ کن سیلابوں کا حوالہ دیا۔

انہوں نے آفات سے نمٹنے اور بحالی کے عمل میں اقوامِ متحدہ کے کردار کی تعریف کی اور ’لیونگ انڈس‘ اور’ری چارج پاکستان‘ جیسے منصوبوں کو موسمیاتی موافقت اور طویل المدتی لچک کے لیے کلیدی قرار دیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترقیاتی و موسمیاتی فنڈنگ کے حصول اور قومی اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اقوامِ متحدہ کا تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

سماجی ترقی اور سیلاب متاثرین کی بحالی

فرسٹ لیڈی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے متعدد علاقے اب بھی سماجی و معاشی مشکلات کا شکار ہیں جہاں معیاری تعلیم اور مناسب غذائیت تک رسائی ایک بڑا مسئلہ ہے۔

انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے شروع کیے گئے بڑے پیمانے کے ہاؤسنگ پروگرام کو سراہتے ہوئے اسے مضبوط اور محفوظ کمیونٹیز کی تعمیر کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں:محفوظ رہائش، خواتین اور بچوں کے وقار کے لیے کلیدی اہمیت رکھتی ہے، خاتون اوّل آصفہ بھٹو زرداری

انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ بچوں کی صحت، تعلیم، پولیو کے خاتمے اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ان کی آواز ہمیشہ اقوامِ متحدہ کی آواز کے ساتھ ہوگی۔

ملاقات کے اختتام پر محمد یحییٰ نے پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے حصول کے لیے قومی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس اہم اجلاس میں سلیم مانڈوی والا، شازیہ مری سمیت ورلڈ فوڈ پروگرام، یونیسیف، عالمی ادارۂ صحت، اقوامِ متحدہ فنڈ برائے آبادی، یو این ایچ سی آر، آئی او ایم، یونیسکو اور یو این ویمن کے اعلیٰ نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

موسمی پیش گوئی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری، محکمہ موسمیات کے لیے 1.6 ارب روپے مختص

عامر گیلانی کی 30ویں سالگرہ، یاد گار لمحات مداحوں کے ساتھ شیئر

آزاد کشمیر انتخابات 2026: امیدواروں کی حتمی فہرست جاری، 45 حلقوں میں 852 امیدوار مدمقابل

ایئرفورس کے بہادرگروپ کیپٹن خاتون کو اغوا سے بچاتے ہوئے شہید، عوام کا زبردست خراج تحسین

وینزویلا میں تباہ کن زلزلوں سے ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار تک پہنچ گئی، امدادی کارروائیاں اختتامی مرحلے میں داخل

ویڈیو

پاکستان اور ترکیہ معاشی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

’بھارت نے پانی روکا تو پاکستان بھارت کی لائف لائن بند کر دے گا‘

’مریم کی دستک‘ ایپ کیا ہے اور اس کے ساتھ کتنے ادارے منسلک ہیں؟

کالم / تجزیہ

ریڈیو کا روشن باب: بھائی لال اور اوم پرکاش

بریسٹ کینسر: خوف نہیں، آگاہی کی ضرورت

بھارتی آبی دہشتگردی کا پاکستان کیسے جواب دے؟