چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے سب سے بڑے دفاعی صنعتی کمپلیکس پاکستان آرڈیننس فیکٹری (پی او ایف) واہ کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران پی او ایف کی پیداواری صلاحیت، برآمدی استعداد اور ملکی دفاعی صنعتی بنیاد میں اس کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔

مزید پڑھیں:ڈی جی آئی ایس پی آر کی سمر انٹرن شپ 2026 کے 6,150 سے زائد طلبا سے خصوصی نشست
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پی او ایف کی مختلف سرگرمیوں اور ملکی سطح پر مختلف اقسام کے فوجی سازوسامان کی تیاری کے ذریعے قومی دفاع کو مضبوط بنانے میں ادارے کے کردار پر بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کیے گئے ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ٹیسٹ اور آزمائشی مراحل کا بھی مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر پی او ایف کی جدت، خود انحصاری اور دفاعی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ڈیفنس انڈسٹری پروڈکشن ریفارمز ایکٹ (ڈیپرا) آرڈیننس کے نفاذ کے بعد پی او ایف کی کارپوریٹائزیشن کے عمل میں پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں:’تمہارے ساتھ تھے اور ساتھ ہم رہیں گے‘، آئی ایس پی آر کا یومِ استحصالِ کشمیر پر خصوصی نغمہ جاری

انہیں مقامی سطح پر پیداوار اور صنعتی استعداد میں اضافے کے لیے جاری اقدامات، بالخصوص دو نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی، جن سے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع ہونے کا امکان ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے میں دفاعی شعبے میں خود انحصاری، مقامی پیداوار اور تکنیکی جدت کے فروغ کے لیے عسکری قیادت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔













