پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی میں انسانیت کے سفر کی نمائش، آصفہ بھٹو زرداری کی شرکت

جمعرات 14 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خاتونِ اول اور رکنِ قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (پی آر سی ایس) کے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بیگم نصرت بھٹو لائبریری کا افتتاح کیا اور ’پی آر سی ایس کا انسانی خدمت کا سفر‘ کے عنوان سے منعقدہ نمائش دیکھی۔

پی آر سی ایس ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر چیئرپرسن فرزانہ نائیک اور ادارے کے سینئر حکام نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں 1947 سے اب تک پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی انسانی خدمات، تاریخی کردار، امدادی سرگرمیوں، رضاکار نیٹ ورک اور نوجوانوں کی شمولیت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیے خاتون اول آصفہ بھٹوزرداری کا پاکستان اور بحرین کے ثقافتی تعاون کو فروغ دینے پر زور

بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے فیتہ کاٹ کر بیگم نصرت بھٹو لائبریری کا افتتاح کیا اور اس یادگاری تختی کی رونمائی بھی کی جو لائبریری کے نام سے منسوب کی گئی ہے۔ انہوں نے نمائش کا بھی دورہ کیا، جس میں قدرتی آفات کے دوران امدادی سرگرمیوں، تاریخی ریلیف آپریشنز اور بھٹو خاندان سے منسلک فلاحی خدمات کو اجاگر کیا گیا تھا۔

بعد ازاں خاتونِ اول نے چیئرپرسن فرزانہ نائیک سے ملاقات کی، جہاں انہیں بتایا گیا کہ اس لائبریری سے جامعات اور تعلیمی اداروں کے طلبہ استفادہ کر سکیں گے۔ انہیں یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ پی آر سی ایس نے ملک بھر میں یوتھ کلبز قائم کیے ہیں اور نوجوان رضاکاروں کے لیے مینٹورشپ پروگرامز بھی جاری ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو زرداری نے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی انسانی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ دکھی انسانیت کی خدمت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اس مشن کو سنجیدگی اور لگن کے ساتھ آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ ادارے کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کے لیے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گی۔

خاتونِ اول نے وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔ انہوں نے لکھا کہ وہ اپنی دادی بیگم نصرت بھٹو، والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور اپنے والد کی انسان دوستی اور خدمتِ خلق کی روایت کو آگے بڑھا رہی ہیں۔ انہوں نے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیے ویڈیو: قومی اسمبلی میں ڈرامائی یوٹرن، آصفہ بھٹو کی پرچی نے قادر پٹیل کی تقریر بدل دی

چیئرپرسن پی آر سی ایس فرزانہ نائیک نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو لائبریری کا افتتاح مرحومہ بیگم نصرت بھٹو کی انسان دوستی، عوامی خدمت اور فلاحی قیادت کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ انسانی اقدار کے فروغ اور کمزور طبقات کی معاونت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے صدر آصف علی زرداری کا بھی شکریہ ادا کیا، جو قومی سوسائٹی کے صدر بھی ہیں۔

تقریب کے اختتام پر بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے پی آر سی ایس کے رضاکار بچوں سے ملاقات کی اور انسانی و سماجی خدمات میں ان کی دلچسپی اور کردار کو سراہا۔

اس موقع پر پاکستان میں آئی ایف آر سی کے سربراہ آندریاس وائسن برگ، آئی سی آر سی کے سربراہ کرسٹوف سٹر، ترک ریڈ کریسنٹ کی سربراہ بیزا تانر، جرمن ریڈ کراس پاکستان کے سربراہ آصف امان خان، ناروے ریڈ کراس کے سربراہ ڈاکٹر الوگ بیک امینوف اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری بھی موجود تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp