بھارت میں نومولود بچوں کے لیے انوکھا تحفہ، حکومت دے گی سونے کی انگوٹھی

جمعہ 26 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

بھارتی ریاست تامل ناڈو کی حکومت نے سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونے والے بچوں کو سونے کی انگوٹھی بطور تحفہ دینے کی اسکیم کا اعلان کیا ہے، جسے عوامی سطح پر ایک منفرد اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ وجے نے نومولود بچوں کے لیے ’تھائی ممن گولڈ رنگ اسکیم‘ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت میں شرحِ پیدائش پہلی مرتبہ آبادی برقرار رکھنے کی حد سے نیچے

اس اسکیم کے تحت ریاست کے سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونے والے بچوں کو ایک گرام وزنی سونے کی انگوٹھی تحفے کے طور پر دی جائے گی۔

رپورٹس کے مطابق حکومت نے اس منصوبے کے لیے سالانہ 755.83 کروڑ بھارتی روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ خاندان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلیٰ وجے کی سالگرہ کے موقع پر رواں ماہ 22 تاریخ کو سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونے والے بچے اس اسکیم کے ابتدائی مستحق ہوں گے، جبکہ اسکیم کا باقاعدہ آغاز 15 ستمبر سے کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد نومولود بچوں اور ان کے خاندانوں کے لیے خوشی کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری اسپتالوں میں زچگی کی سہولیات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

تامل ناڈو حکومت کے اس اعلان پر سوشل میڈیا پر بھی مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں، جہاں کچھ افراد نے اسے خوش آئند اقدام قرار دیا ہے جبکہ بعض نے اس کے مالی اثرات پر سوالات اٹھائے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp