پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی، جنوبی کوریا کی ٹیم کے دورے کااعلان

جمعہ 26 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر محی الدین احمد وانی کی خصوصی کاؤشوں سے جنوبی کوریا کی مینز نیشنل ہاکی ٹیم رواں سال 27 جولائی سے 9 اگست 2026 تک پاکستان کا تاریخی دورہ کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان ہاکی ٹیم 8 برس بعد ورلڈ کپ میں پہنچ گئی، محسن نقوی کی کھلاڑیوں کو مبارکباد

اس اہم ترین دورے کے دوران اسلام آباد میں ایک خصوصی ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں مہمان ٹیم پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کے خلاف متعدد پریکٹس میچز بھی کھیلے گی۔

25 رکنی کورین وفد کی آمد

میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کا 25 رکنی وفد جولائی کے آخری ہفتے میں پاکستان پہنچے گا، جس میں 20 کھلاڑی اور 5 آفیشلز شامل ہوں گے۔

دورے کے دوران کورین ٹیم پاکستان کے جدید ترین ہاکی انفراسٹرکچر سے استفادہ کرتے ہوئے باقاعدہ ٹریننگ سیشنز کا حصہ بنے گی، جس سے مقامی سطح پر کھیل کو فروغ ملے گا۔

بین الاقوامی اعتماد کا اظہار

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے کورین ٹیم کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم کا قومی ہاکی ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے 15 لاکھ روپے انعام کا اعلان

انہوں نے کہا کہ ایشیا کی ایک مضبوط اور بہترین ٹیم کی پاکستان آمد ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے انتہائی مثبت اور حوصلہ افزا موقع ثابت ہوگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ دورہ پاکستان کی عالمی معیار کی کھیلوں کی سہولیات، بہترین ماحول اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات پر بین الاقوامی برادری کے مصلحتاً اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی

پی ایچ ایف حکام کا کہنا ہے کہ اس دورے کا بنیادی مقصد ملک میں بین الاقوامی ہاکی کی مکمل بحالی اور مقامی کھلاڑیوں کو عالمی معیار کا تجربہ فراہم کرنا ہے۔

فیڈریشن نے اسے پاکستانی ہاکی کے روشن مستقبل کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

تفصیلی شیڈول کا انتظار

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اس خصوصی ٹریننگ کیمپ اور دونوں ممالک کے درمیان کھیلے جانے والے پریکٹس میچز کا تفصیلی شیڈول آئندہ چند روز میں باقاعدہ طور پر جاری کر دیا جائے گا، جس کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp