کراچی میں دہشتگردوں کی جانب سے رینجرز کی ایک تنصیب پر حملہ کیا گیا ہے، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے اب تک 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی میں شہری کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک، خاتون ساتھی گرفتار
رپورٹس کے مطابق حملہ 27 جون کی شب قریباً 8 بج کر 10 منٹ پر کیا گیا۔ دہشتگردوں نے کارروائی کا آغاز ایک دھماکے سے کیا، جس کے بعد وہ رینجرز کی ٹرانسپورٹ تنصیبات کے احاطے میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ مذکورہ تنصیبات سیکٹر ہیڈکوارٹرز بھٹائی رینجرز کی حدود میں واقع ہیں۔
حملے کے فوراً بعد رینجرز نے بھرپور جوابی کارروائی شروع کی، جس کے نتیجے میں اب تک 5 دہشتگرد مارے جا چکے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں کسی بھی رینجرز اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
رینجرز کا انسداد دہشتگردی ونگ موقع پر موجود ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں یونیورسٹی روڈ پر موسمیات چورنگی کے قریب فائرنگ اور دھماکے کی آوازیں سنائی دی ہیں۔
ادھر ایس ایس پی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) عرفان بہادر بھی اضافی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، جبکہ ڈی آئی جی ایسٹ اور ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ نے بھی پولیس کی نفری کے ساتھ علاقے کا رخ کیا۔
مزید پڑھیں: کراچی میں کسٹمز اہلکار کی مبینہ فائرنگ سے شہری جاں بحق، لواحقین کا احتجاج
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے موسمیات چورنگی کے قریب فائرنگ اور دھماکے کی مبینہ اطلاعات کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فوری رابطہ کیا اور واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔














