ٹرمپ کی ایران کو ’کام مکمل کرنے‘ کی دھمکی، خطے میں کشیدگی پھر بڑھ گئی

اتوار 28 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر حملوں کا سلسلہ جاری رہا تو امریکا ایران میں شروع کیے گئے فوجی آپریشن کو مکمل کرنے پر مجبور ہو سکتا ہے، جبکہ دوسری جانب دونوں ممالک کے درمیان حملوں اور الزامات کا سلسلہ دوبارہ تیز ہو گیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف مزید سخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن ایران میں جاری صورتحال پر اپنا ردعمل بڑھا سکتا ہے۔

ٹرمپ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان میں دعویٰ کیا کہ امریکی طیاروں نے ایران میں میزائل اور ڈرونز کے ذخیرہ مراکز اور ساحلی ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔

امریکی صدر نے الزام عائد کیا کہ یہ کارروائی جنگ بندی معاہدے کی دوبارہ خلاف ورزی کے جواب میں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ممکن ہے ایران اپنی پالیسی تبدیل نہ کرے، جس کے بعد امریکا کے پاس صورتحال سے نمٹنے کے لیے مزید اقدامات کے علاوہ کوئی راستہ نہ بچے۔

یہ بھی پڑھیں:گارجین رپورٹ: کیا ایران امریکا معاہدہ بچانے کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو لگام دیں گے؟

ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر حالات اسی طرح جاری رہے تو امریکا اس فوجی کارروائی کو مکمل کرنے پر مجبور ہو سکتا ہے، جبکہ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں ایران کے موجودہ نظام کا وجود برقرار رہنا مشکل ہو سکتا ہے۔

ایران اور امریکا میں حملوں اور الزامات کا سلسلہ جاری

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی کے بجائے مزید اضافہ ہو گیا ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ٹرمپ کے بیان کے بعد ایران نے کویت اور بحرین میں امریکی فوجی تنصیبات کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا۔

امریکی حکام کے مطابق صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی امریکی اہلکار کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

اس سے قبل امریکا نے آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنائے جانے کے بعد ایران کے خلاف مزید کارروائی کی تھی۔ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے اہم ترین بحری راستہ سمجھا جاتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان عبوری معاہدہ لڑائی روکنے، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور جوہری پروگرام سمیت دیگر معاملات پر مذاکرات شروع کرنے کے لیے کیا گیا تھا، تاہم حالیہ واقعات کے بعد یہ معاہدہ ایک بار پھر دباؤ کا شکار دکھائی دے رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp