پاک فوج نے نشانِ حیدر پانے والے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی 27ویں برسی کے موقع پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی بے مثال بہادری، غیر متزلزل عزم اور وطن کے لیے عظیم قربانی کو سلام پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاکستان کی مسلح افواج نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی 27ویں برسی پر ان کی لازوال خدمات اور قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: شہدا کے خون کا قرض پوری قوم پر ہے، وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا حوالدار لالک جان شہید (نشانِ حیدر) کو خراجِ عقیدت
1999 کی کارگل جنگ کے دوران کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے دشمن کے شدید دباؤ کے باوجود غیر معمولی بہادری، جرات اور قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے مادرِ وطن کا دفاع کیا۔
انہوں نے اگلے مورچوں پر رہ کر اپنے ساتھیوں کی قیادت کی اور پاک فوج کی اعلیٰ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
مزید پڑھیں: پاک فوج ہر جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے، نوجوان ملک کا روشن مستقبل ہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر
بیان میں کہا گیا ہے کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی عظیم قربانی آج بھی پاکستانی قوم کے لیے جرات، حب الوطنی اور وطن کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے، ان کی قربانی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔
مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے جن اعلیٰ قومی اقدار اور نظریات کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، ان کی حفاظت اور پاسداری ہر قیمت پر جاری رکھی جائے گی، جبکہ ان کی لازوال قربانی ہمیشہ قومی تاریخ کا روشن باب رہے گی۔












