مائیکروسافٹ کے ایک ملازم کی سوشل میڈیا پر کی گئی ایک انتہائی ایماندارانہ پوسٹ تیزی سے وائرل ہورہی ہے، جس میں اس نے ملازمت سے نکالے جانے کے خدشے پر خوفزدہ ہونے کے بجائے خوشی اور سکون کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مائیکروسافٹ کے ہزاروں ملازمین کی برطرفی کا امکان
پیشہ ورانہ نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم ‘بلائنڈ’ پر گمنام رہ کر لکھی گئی اس پوسٹ کے اہم پہلو درج ذیل ہیں۔
ملازمت ختم ہونے کے اشارے
ملازم نے بتایا کہ اسے پچھلے کچھ عرصے سے ایسے اشارے مل رہے تھے جن سے صاف ظاہر تھا کہ اسے نوکری سے فارغ کیا جاسکتا ہے. مثال کے طور پر اسے خاموشی سے جاری پراجیکٹس سے الگ کردیا گیا، مینیجر نے بات چیت کم کردی، اور حالیہ مہینوں میں اس کے کام پر کوئی فیڈ بیک بھی نہیں دیا گیا۔

خوف کے بجائے سکون کیوں؟
ملازم کے مطابق مائیکروسافٹ میں پچھلے کافی عرصے سے جاری تنظیمِ نو، کارکردگی پر مسلسل بحث اور ساتھیوں کی اچانک برطرفیوں نے دفتر کے ماحول کو شدید تناؤ اور غیریقینی کا شکار بنا دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: وکلا اور اکاؤنٹنٹس کی ملازمتیں شدید خطرے میں: مائیکروسافٹ اے آئی کے سربراہ کا انتباہ
ملازم نے اپنی پوسٹ میں ایک دل کو چھو لینے والی بات لکھی ’ایک وقت ایسا آتا ہے جب آپ نوکری سے نکالے جانے کا خوف بھول جاتے ہیں اور یہ سوچ کر پریشان ہونے لگتے ہیں کہ اس ماحول میں مزید رکنا آپ کی ذہنی صحت کے ساتھ کیا کررہا ہے‘۔
نئی شروعات کی امید
اس نے اعتراف کیا کہ اگرچہ نوکری جانے کی تصدیق ہونے پر اس کے جذبات بدل بھی سکتے ہیں، لیکن فی الحال اس غیر یقینی ماحول میں روز روز گھٹنے کے بجائے نوکری سے فارغ ہوکر کسی نئی اور بہتر جگہ سے شروعات کرنا زیادہ مثبت معلوم ہوتا ہے۔
مائیکروسافٹ کے ملازم کی اس پوسٹ پر سوشل میڈیا اور ‘بلائنڈ’ ایپ پر دیگر ملازمین اور صارفین کی طرف سے شدید ردعمل اور تنقید بھی سامنے آئی ہے، جہاں کئی لوگوں نے اس کہانی کی سچائی پر سوالات اٹھائے ہیں۔
مائیکروسافٹ ملازمین اور صارفین کا ردعمل اور تنقید
کچھ مائیکروسافٹ ملازمین کا کہنا ہے کہ یہ پوری پوسٹ من گھڑت ہے اور ایسا لگتا ہے جیسے اسے مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کیا گیا ہو۔ ان کے مطابق مینیجرز کو کبھی بھی برطرفی کی لسٹوں پر کام کرنے کا موقع نہیں ملتا اور نہ ہی کسی نچلے ملازم کو یہ معلوم ہوسکتا ہے کہ کس مخصوص تاریخ کو لسٹ فائنل ہونی ہے۔
کمپنی کے طریقہ کار پر سوالات: ایک اعلیٰ عہدے (L67) پر فائز مائیکروسافٹ ملازم نے لکھا،’برطرفی کی لسٹ؟ لوگ ایسی من گھڑت باتیں کیوں بناتے ہیں؟ پچھلے سال جب برطرفیاں ہوئیں تو مجھے خود 30 دن پہلے کوئی لسٹ نہیں ملی تھی۔ اور اگر مجھے پتہ بھی ہوتا، تو میں کبھی اپنے کسی جونیئر ملازم کو نہ بتاتا جو سیدھا جا کر ‘بلائنڈ’ ایپ پر پوسٹ کر دے۔ یہ پوسٹ بالکل جھوٹ پر مبنی ہے۔‘

ایک اور تبصرے میں کہا گیا کہ مینیجرز اکثر خود اتنے ہی لاعلم ہوتے ہیں جتنا کہ عام ملازم، اور زیادہ تر معاملات میں انہیں بھی پہلے سے کچھ پتہ نہیں ہوتا۔
کچھ صارفین نے سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اپنے کام میں ماہر اور بہترین ہوتے ہیں، وہ کبھی برطرفیوں کی پرواہ نہیں کرتے۔ صرف وہی لوگ پریشان ہوتے ہیں جو خود کو تو اچھا سمجھتے ہیں لیکن حقیقت میں ان کی کارکردگی اچھی نہیں ہوتی۔














