وزیراعظم شہباز شریف اہم دورے پر ترکیہ پہنچ گئے، اتاترک ایئرپورٹ پر شاندار استقبال

جمعہ 3 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر ترکیہ کے اہم دورے پراستنبول پہنچ گئے ہیں۔

اتاترک ایئرپورٹ پر اترنے پر ترکیہ کے وزیرِ تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید اور ترک وزارتِ خارجہ سمیت سفارت خانے کے اعلیٰ حکام نے وزیرِ اعظم کا گرمجوشی سے شاندار استقبال کیا۔

اس اہم سفارتی دورے میں وزیرِاعظم کے ہمراہ نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ سمیت ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے۔

صدارتی دعوت اور اعلیٰ سطح مذاکرات کا ایجنڈا

یہ دورہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی خصوصی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔ دورے کے دوران دونوں برادر ممالک کے رہنماؤں کے مابین ون آن ون اور وفود کی سطح پر اہم ملاقاتیں ہوں گی، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے مابین دوطرفہ دیرینہ تعلقات کے تمام شعبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

مذاکرات میں خاص طور پر پاک، ترک تجارت، باہمی سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر توجہ مرکوز رہے گی، جبکہ اسٹریٹجک پارٹنرشپ سمیت علاقائی امن و سلامتی اور باہمی دلچسپی کی عالمی صورتحال بھی زیرِ غور آئے گی۔

استنبول میں بزنس کانفرنس اور سرمایہ کاری کے مواقع

وزیرِاعظم شہباز شریف اپنے قیام کے دوران استنبول میں پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی ایک اعلیٰ سطح کی ’بزنس کانفرنس‘ سے خصوصی خطاب بھی کریں گے۔ اس کانفرنس کا بنیادی مقصد پاکستان کے مختلف منافع بخش شعبوں میں ترک سرمایہ کاروں کو راغب کرنا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرِاعظم اپنے خطاب میں پاکستان میں موجود خصوصی اقتصادی زونز، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور حکومتی نجکاری کے پروگرام سمیت مختلف اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع اور پرکشش مواقع کو دنیا کے سامنے اُجاگر کریں گے۔

اس اہم ترین معاشی کانفرنس میں ترکیہ کے ممتاز کاروباری رہنما، صنعت کار، بڑے سرمایہ کار، کارپوریٹ سیکٹر کے اعلیٰ حکام اور دیگر اہم کاروباری شخصیات شرکت کریں گی، جس سے دونوں ممالک کے مابین اربوں ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کی راہیں ہموار ہونے کی قوی امید ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp