محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشتر علاقوں میں گرم اور مرطوب موسم کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر کے چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے، تاہم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور حبس زدہ رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں:یورپ کا موسم مستقل بدل گیا؟ عالمی ماہرین نے نئی وارننگ جاری کر دی
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت بلوچستان کے شہر نوکنڈی میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دالبندین، جیکب آباد اور دادو میں پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ سکھر میں 43، ملتان، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا اور چلاس میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مظفرآباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جبکہ لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور گلگت میں پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

ادھر عالمی سطح پر بھی شدید گرمی کی لہریں تشویش کا باعث بنی ہوئی ہیں۔ ماہرین کے مطابق یورپ میں ریکارڈ توڑ گرمی، بیماریوں، اموات اور بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصانات کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شدید گرمی کی لہریں اب معمول بنتی جا رہی ہیں۔
عالمی ادارۂ صحت نے یورپی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ گرمی کی شدت سے نمٹنے کے لیے مستقل منصوبہ بندی کریں، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور عالمی حدت میں اضافے کے باعث مستقبل میں شدید گرمی کے واقعات مزید بڑھ سکتے ہیں۔














