امریکی ریاست شمالی کیرولائنا کے ساحلی علاقے کورولا کے ساحل پر بڑی تعداد میں پراسرار طور پر سیب بہہ کر آنے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بارے میں حکام کا خیال ہے کہ یہ ممکنہ طور پر سمندر میں گزرنے والے کسی کارگو جہاز سے گر گئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگلی گھوڑوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’کورولا وائلڈ ہارس فنڈ‘ کو منگل کے روز اطلاع ملی کہ ساحل پر بڑی تعداد میں سیب بکھرے ہوئے ہیں۔ تنظیم کے اہلکار جب موقع پر پہنچے تو معلوم ہوا کہ سیب کسی نے ساحل پر نہیں پھینکے بلکہ وہ سمندر کی لہروں کے ساتھ بہہ کر کنارے پر آ رہے تھے۔
Large amount of mystery apples wash up on N.C. beach
Source: https://t.co/TENkNkZlg6
LIBERTY HERITAGE RADIO pic.twitter.com/Xwzy3eQGGb— Liberty Heritage Radio (@RadioHeritage) July 3, 2026
تنظیم نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ غالب امکان ہے کہ یہ سیب سمندر میں سفر کرنے والے کسی کارگو جہاز سے گر کر پانی میں بہہ گئے اور بعد ازاں ساحل تک پہنچ گئے۔ تنظیم کے ملازمین اور رضاکاروں نے متعدد تھیلوں میں سیب جمع کیے، جبکہ ساحل کی صفائی کرنے والے دو افراد کو بعد میں مزید سیب اور کچھ سنگترے بھی ملے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ اس ساحل پر اس نوعیت کا واقعہ پیش آیا ہو۔ چند برس قبل اسی ساحل پر ڈوریٹوز چپس کے پیکٹ بھی سمندر سے بہہ کر آ گئے تھے۔

تنظیم نے واضح کیا کہ سیب جنگلی گھوڑوں کے لیے نہیں چھوڑے گئے کیونکہ ان کی قدرتی خوراک کا حصہ نہ ہونے والی اشیا انہیں گلے میں پھنسنے یا معدے کی خطرناک بیماری (کولک) میں مبتلا کر سکتی ہیں، جو جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے۔
تنظیم کے مطابق 2020 میں ایک کم عمر جنگلی گھوڑا سیب کھانے کے باعث گلا بند ہونے سے ہلاک ہوگیا تھا، جبکہ 2021 میں ’جونیئر‘ نامی ایک نر گھوڑا بھی سیب گلے میں پھنسنے کے باعث موت کے قریب پہنچ گیا تھا۔ اسی لیے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی جنگلی یا گھریلو جانور کو اپنی مرضی سے خوراک نہ کھلائیں۔














