کون ہوگا وزیراعظم آزاد کشمیر؟ نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں اہم فیصلے کرلیے گئے، اعلان آج متوقع

اتوار 23 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت جاتی امرا میں ہونے والا اہم اجلاس اختتام پذیر ہوگیا۔ اجلاس میں آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس قریباً 2 گھنٹے تک جاری رہا، جس کے دوران آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے انتخاب کے معاملے پر طویل غور کیا گیا۔

یہ بھی پڑھین:عبدالرحمان آرائیں اوورسیز نشست پر بلامقابلہ رکن آزاد کشمیر اسمبلی منتخب، ان کو یہ نشست کن خدمات پر ملی؟

اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور سپریم کورٹ کے فیصلے سمیت مختلف اہم امور کا بھی جائزہ بھی لیا گیا۔

شاہ غلام قادر اور طارق فاروق وزارت عظمیٰ کی دوڑ میں شامل

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں وزارت عظمیٰ کے لیے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور جنرل سیکریٹری چوہدری طارق فاروق کے نام زیر غور ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں میں سے کسی ایک کو آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ کے لیے نامزد کیا جائےگا۔

مظفرآباد میں پارلیمانی پارٹی اجلاس، اہم اعلان متوقع

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے اہم عہدوں کے لیے ناموں کا اعلان آج شام مظفرآباد میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی اجلاس کے دوران متوقع ہے۔

نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی اور دیگر اہم سیاسی فیصلوں پر بھی مشاورت جاری رہی۔ آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ مشاورت کرچکی ہے۔

شہباز شریف جاتی امرا سے روانہ

اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: سردار ساجد اقبال نے غربی باغ کا ناقابل تسخیر قلعہ آخر کیسے فتح کیا؟

ملاقات کے اختتام کے بعد وزیراعظم شہباز شریف جاتی امرا سے واپس روانہ ہوگئے، جبکہ آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے نام کا حتمی اعلان جلد متوقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp