حکومت پنجاب کے محکمہ خزانہ کے ماتحت کام کرنے والی پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی نے اپنے فلیگ شپ ینگ پروفیشنلز پروگرام 2026 کے لیے درخواستیں طلب کرلی ہیں، جس کے تحت منتخب امیدواروں کو ایک سال تک ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔
پروگرام کا مقصد
یہ ایک سالہ تربیتی پروگرام نئے گریجویٹس کو پنجاب میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے شعبے میں عملی تجربہ فراہم کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
پروگرام کے دوران منتخب نوجوان ماہرین کی نگرانی میں مختلف لائیو منصوبوں پر کام کریں گے، جس سے ان کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں مزید نکھار آئے گا۔
کون درخواست دے سکتا ہے؟
اتھارٹی کے مطابق درخواست دینے والے امیدوار کی عمر 25 سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ امیدوار نے ایچ ای سی سے تسلیم شدہ پاکستانی یا کسی معروف غیر ملکی یونیورسٹی سے کم از کم 16 سالہ تعلیم مکمل کی ہو، جبکہ اس کا تعلیمی ریکارڈ کم از کم 3.3 سی جی پی اے پر مشتمل ہونا ضروری ہے۔ صرف پاکستانی شہری اس پروگرام کے لیے اہل ہوں گے۔
کن شعبوں کے گریجویٹس اہل ہیں؟
فنانس، اکاؤنٹنگ، پروجیکٹ مینجمنٹ، بزنس ایڈمنسٹریشن، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، قانون، انجینیئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کمپیوٹر سائنس، مینجمنٹ انفارمیشن سسٹمز، ڈیٹا اینالیٹکس، اکنامکس، میڈیا اسٹڈیز، پبلک پالیسی، سوشل سائنسز اور نیچرل سائنسز سے تعلق رکھنے والے گریجویٹس درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
انتخاب کا طریقہ کار
اتھارٹی اس پروگرام کے لیے 15 نوجوان پروفیشنلز کا انتخاب کرے گی، تاہم اسے ضرورت کے مطابق نشستوں میں اضافہ یا کمی کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔
ابتدائی جانچ کے بعد شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کو ٹیسٹ اور انٹرویو کے لیے طلب کیا جائے گا، تاہم اس سلسلے میں کسی قسم کا ٹی اے یا ڈی اے ادا نہیں کیا جائے گا۔
ملازمت نہیں، تربیتی پروگرام
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ یہ صرف ایک سالہ تربیتی پروگرام ہے، اسے مستقل یا کنٹریکٹ ملازمت تصور نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی اس کے ذریعے ملازمت کی کوئی ضمانت دی جا رہی ہے۔
درخواست جمع کرانے کا طریقہ
دلچسپی رکھنے والے امیدوار ادارے کی آفیشل ویب سائٹ https://p4a.punjab.gov.pk/jobs سے درخواست فارم ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
درخواست فارم کے ساتھ تعلیمی اسناد اور ٹرانسکرپٹس کی تصدیق شدہ نقول، اگر تجربہ موجود ہو تو اس کا سرٹیفکیٹ، قومی شناختی کارڈ، حالیہ پاسپورٹ سائز تصویر اور اپ ڈیٹڈ سی وی منسلک کرنا ضروری ہوگا، اور مکمل درخواستیں 22 جولائی 2026 تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔














