گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت، وزیراعظم کا شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کو سخت سزا دینے کا حکم

پیر 6 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایک خاتون کی جان و عزت کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے بے مثال جرأت، بہادری اور فرض شناسی کی مثال قائم کی۔

مزید پڑھیں:ایئرفورس کے بہادرگروپ کیپٹن خاتون کو اغوا سے بچاتے ہوئے شہید، عوام کا زبردست خراج تحسین

وزیراعظم نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ قوم ایسے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے، انہیں اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واقعے کی مکمل، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔

صدر زرداری کا گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر اظہارِ افسوس، واقعے کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات پر زور

صدر مملکت آصف علی زرداری نے گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بے گناہ خاتون کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنا اعلیٰ انسانی اقدار، بہادری اور قومی خدمت کی روشن مثال ہے۔

صدر مملکت نے شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔

مزید پڑھیں:خاتون کو بچاتے ہوئے گولی لگنے سے شہید ہونے والے گروپ کیپٹن عاصم کا قاتل گرفتار کرلیا گیا

آصف علی زرداری نے کہا کہ اسلام آباد کی ایک اہم شاہراہ پر اس نوعیت کی واردات انتہائی تشویش ناک ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ ایسے واقعات کے مکمل سدباب کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp