اسلام آباد: پولیس ٹیم پر فائرنگ سے 3 زیرحراست ملزمان زخمی

منگل 7 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد میں تھانہ نون کی حدود میں زیرحراست ملزمان کو ان کے ساتھیوں کی گرفتاری اور مال مسروقہ کی برآمدگی کے لیے لے جانے والی پولیس ٹیم پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 3 زیرحراست ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: گھریلو ناچاقی پر 2خواتین کا قتل، اسلام آباد پولیس نے 48 گھنٹوں میں ملزمان گرفتار کرلیے

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق پولیس ریڈنگ ٹیم زیرحراست ملزمان کی نشاندہی پر ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری اور وارداتوں میں چھینا گیا سامان برآمد کرنے کے لیے سیکٹر آئی 15 کے علاقے میں جا رہی تھی کہ وہاں ایک غیر آباد مکان میں چھپے ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے دوران زیرحراست ملزمان ارسلان، سلمان اور شاہزیب اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی ہوگئے جبکہ پولیس اہلکار بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہے۔

مزید پڑھیے: اسلام آباد پولیس کے سابق ایس پی کو سزائے موت سنا دی گئی

ترجمان کے مطابق زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان ملزمان نے چند روز قبل تھانہ نون کی حدود میں فائرنگ کرکے کانسٹیبل صالح محمد کو بھی زخمی کیا تھا۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق زیرحراست ملزمان پولیس پر فائرنگ، ڈکیتی، راہزنی اور دکانوں میں ڈکیتی سمیت سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے شہریوں سے چھینے گئے 2 موٹر سائیکل، درجنوں موبائل فونز، پرس اور وارداتوں میں استعمال ہونے والے 3 پستول بمعہ گولیاں برآمد کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی جرائم پیشہ اور غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف کارروائی، افغان شہروں سمیت سینکڑوں منشیات فروش گرفتار

ترجمان کے مطابق پولیس پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشنز جاری ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp