خاتون ڈاکٹر کو تھپڑ مارنے والے شیو سینا رہنما  کی ویڈیو وائرل، معافی مانگنے سے انکار

بدھ 8 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کی ریاست مہاراشٹرا میں حکمران جماعت شیو سینا کے ایک مقامی رہنما کی جانب سے اسپتال میں خاتون ڈاکٹر اور طبی عملے پر مبینہ تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

ویڈیو میں کلیان ڈومبیولی سے تعلق رکھنے والے شیو سینا کارپوریٹر رمیش مہترے کو ایک خاتون ڈاکٹر کو مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج میں ان کے حامیوں کو بھی اسپتال کے دیگر عملے اور نرسوں کے ساتھ بدسلوکی اور مار پیٹ کرتے دیکھا گیا ہے۔

واقعے کے بعد سامنے آنے والی ویڈیوز میں اسپتال کا عملہ خوف زدہ اور روتا ہوا نظر آتا ہے۔ یہ واقعہ 6 جولائی کو پیش آیا، جس کے بعد سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا۔

تاہم رمیش مہترے نے واقعے پر افسوس یا معذرت کا اظہار کرنے کے بجائے اپنے اقدام کا دفاع کیا ہے۔ ایک بھارتی ٹی وی چینل کو دیے گئے 26 منٹ کے انٹرویو میں انہوں نے نہ صرف معافی مانگنے سے انکار کیا بلکہ ویڈیو میں واضح مناظر کے باوجود دعویٰ کیا کہ انہوں نے خاتون ڈاکٹر پر حملہ نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیے بی جے پی رہنما کی مسلمان مینیجر کو ہراساں کرنے کی ویڈیو وائرل، بھارتی ہندو بھی اس حرکت پر تلملا اٹھے

مہترے کا کہنا تھا کہ انہوں نے صرف ڈاکٹر کا ہاتھ مارا تاکہ وہ فون رکھ دیں، کیونکہ وہ ان کی شکایت سن نہیں رہی تھیں۔

انہوں نے کہا، ’میں نے صرف ان کا فون ہٹانے کی کوشش کی کیونکہ وہ ہماری بات نہیں سن رہی تھیں۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ شیو سینا کے بانی بال ٹھاکرے نے انہیں ناانصافی کے خلاف لڑنا سکھایا ہے۔

انٹرویو کے دوران شیو سینا رہنما مسلسل اپنے اقدام کا جواز پیش کرتے رہے اور الزام عائد کیا کہ غلطی ڈاکٹروں کی تھی۔ انہوں نے کسی قسم کا پچھتاوا ظاہر نہیں کیا اور دعویٰ کیا کہ ان کے اقدام سے ’ایک خاتون اور اس کے بچے کی جان بچ گئی‘۔

اسپتال میں تنازع کی وجہ

اسپتال انتظامیہ کے مطابق واقعہ نومولود بچے کے لیے نیونیٹل انٹینسو کیئر یونٹ (این آئی سی یو) میں جگہ نہ ملنے کے تنازع پر پیش آیا۔

حکام کے مطابق ایک حاملہ خاتون کے اہل خانہ کو ڈاکٹروں نے بتایا تھا کہ بچے کی پیدائش کے بعد اسے ممکنہ طور پر این آئی سی یو کی ضرورت پڑ سکتی ہے، لیکن اسپتال میں تمام بیڈز پہلے ہی زیر استعمال تھے، اس لیے خاندان کو دوسرے اسپتال منتقل کرنے پر غور کرنے کا مشورہ دیا گیا۔

اسی معاملے پر تنازع بڑھا اور بعد ازاں اسپتال میں ہنگامہ آرائی ہوئی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون ڈاکٹر موبائل فون استعمال کر رہی ہیں اور حملہ آور افراد سے بچنے کے لیے میز کے پیچھے چلی جاتی ہیں، تاہم اسی دوران رمیش مہترے پیچھے سے آ کر انہیں زور سے مارتے ہیں، جس کے باعث ان کے ہاتھ سے فون گر جاتا ہے۔

بعد ازاں وہ دیگر طبی عملے کی جانب بڑھتے ہیں اور انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

بار بار ویڈیو دکھائے جانے کے باوجود مہترے اپنے مؤقف پر قائم رہے اور کہا، ’میں معافی نہیں مانگوں گا۔‘ انہوں نے ڈاکٹر کو ’مغرور‘ قرار دیتے ہوئے یہاں تک کہا کہ طبی عملہ ’غنڈہ گردی‘ کر رہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈاکٹروں نے ان کی فون کالز کا جواب دیا ہوتا تو وہ اسپتال نہ جاتے اور یہ واقعہ پیش نہ آتا۔

انہوں نے کہا، ’ہماری کارروائی سے ایک خاتون اور اس کے بچے کی جان بچی، ہمیں کسی اور چیز کی پروا نہیں۔‘

بعد میں انہوں نے کہا کہ اگر ڈاکٹر اپنے رویے پر معافی مانگیں گے تو وہ بھی افسوس کا اظہار کرنے کے لیے تیار ہیں۔

شیوسینا کا کارروائی کا اعلان

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ اور نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کے بیٹے شری کانت شندے نے ڈاکٹروں اور نرسنگ اسٹاف پر حملے کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن کے شاستری نگر اسپتال میں ڈاکٹروں اور طبی عملے پر حملہ انتہائی قابل مذمت ہے۔

یہ بھی پڑھیے مدھیہ پردیش: بی جے پی رہنما کی نابینا خاتون سے بدسلوکی، ویڈیو وائرل

شری کانت شندے، جو خود بھی ڈاکٹر ہیں، نے کہا کہ مریضوں کی خدمت محض ملازمت نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت ہے، اور ڈاکٹر، نرسیں اور دیگر طبی کارکن مشکل حالات میں دن رات عوام کی خدمت کرتے ہیں۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، قانون ہاتھ میں لینے والے کسی شخص کو نہیں بخشا جائے گا، جبکہ پارٹی بھی ایسے کسی فرد کی حمایت نہیں کرے گی جو حملے میں ملوث ہو۔ ثابت ہونے پر پارٹی کی سطح پر بھی سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

سپریم کورٹ کا اہم آئینی فیصلہ: نیب مقدمات میں اپیلیں اور ضمانت کی درخواستیں وفاقی آئینی عدالت ہی سنے گی

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پیٹرول 3 روپے 66 پیسے، ڈیزل 4 روپے 80 پیسے فی لیٹر مہنگا

گلوبل سپر لیگ: لاہور قلندرز نے ڈیزرٹ وائپرز کو 38 رنز سے شکست دے دی

کیا مصنوعی ذہانت انسان کے قابو سے باہر ہو رہی ہے؟ اوپن اے آئی کے ماڈل نے ٹیسٹ کے دوران حدود توڑ دیں

مودی کا مؤقف مسترد، کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج میں تیزی لانے کا اعلان، حکومت نے پھر مہلت مانگ لی

ویڈیو

پاکستان کا دوٹوک انتباہ، حوثی باغیوں کی خیر نہیں، ایران کا بڑا اعلان، امریکا کی چال بھی ناکام

مودی نے طلبا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے، بھارتی ایجنسی کس طرح پاکستانی صحافیوں کو استعمال کرنے کی کوشش کررہی ہے؟

قدیم انجینیئرنگ سے دنیا حیران، 2 ہزار سال پرانا چینی تالا جسے کھولنے کے لیے محض چابی نہیں بڑا دماغ بھی چاہیے

کالم / تجزیہ

قائداعظم کے بارے میں سازشی تھیوریز نہ گھڑیں

مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کا ابھرتا ہوا کردار

شفاف انتخابات کا فریب