نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ملاقات کی، جس میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بلاول بھٹو زرداری کو گلگت بلتستان میں حکومت کے قیام پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں منتخب حکومت کے قیام کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تعاون پر اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیاکہ آزاد جموں و کشمیر میں آئندہ ہونے والے عام انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انداز میں منعقد ہونا انتہائی اہم ہے۔
اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے متعلق مختلف امور اور مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی پی پی گلگت بلتستان کا دورہ مکمل کرکے واپس اسلام آباد پہنچے ہیں، گلگت بلتستان میں انہوں نے نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ کی حلف برداری تقریب میں شرکت کی۔
گلگت بلتستان میں عام انتخابات کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی استحکام پاکستان پارٹی کو ساتھ ملا کر حکومت بنانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔












