وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بظاہر پاکستان کے اہم مالیاتی معاملات کو بے بنیاد اور گمراہ کن الزامات کے ذریعے بدنام کرنے کے لیے ایک بدنیتی پر مبنی مہم شروع کی گئی ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ یہ تمام دعوے مکمل طور پر جھوٹے ہیں۔ پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ اور 750 ملین ڈالر کے یورو بانڈ کا اجرا تمام قابلِ اطلاق قانونی اور ضابطہ جاتی تقاضوں کے مطابق کیا گیا۔
Apparently, a malicious campaign seems to have been launched to discredit Pakistan’s strategic financial transactions through baseless and misleading allegations. These claims are entirely false. Both Pakistan’s inaugural Panda Bond and the USD 750 million Eurobond were executed… https://t.co/9oIcaLWdx3
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) July 12, 2026
گمراہ کن رپورٹنگ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد متاثر ہونے کا خدشہ
خواجہ آصف نے کہاکہ خودمختار فنانسنگ معاملات سے متعلق غلط اور گمراہ کن معلومات کی مسلسل اشاعت و نشریات اور قومی اسمبلی میں پوچھے گئے سوالات کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے اثرات محض عوامی بحث تک محدود نہیں رہتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسی کارروائیاں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس میں پاکستان کی ساکھ متاثر کر سکتی ہیں اور ملک کے مستقبل کے مالیاتی اقدامات پر منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ یہ صحافت نہیں بلکہ سنسنی خیزی، غلط معلومات اور مخصوص سیاسی مفادات پر مبنی زرد صحافت ہے۔
خواجہ آصف نے کہاکہ حکومتِ پاکستان کو قابلِ اطلاق قانون کے تحت غیر ذمہ دارانہ اور گمراہ کن رپورٹنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کے حق کا جائزہ لینا چاہیے۔
خبر شائع کرنے سے پہلے مؤقف لینا ضروری ہے
خواجہ آصف نے کہاکہ قومی اسمبلی کی کارروائی کا حوالہ دینا دراصل اس وقت محفوظ راستہ اختیار کرنا ہے جب رپورٹنگ کرنے والا اپنی معلومات کے درست ہونے کے بارے میں پراعتماد نہ ہو۔
انہوں نے کہاکہ صحافتی آداب کا تقاضا ہے کہ خبر نشر یا شائع کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کی جائے یا کم از کم متعلقہ فریق کا مؤقف ضرور حاصل کیا جائے۔
خواجہ آصف نے بتایا کہ انہوں نے وزارتِ خزانہ سے یہ معلومات حاصل کی ہیں تاکہ قارئین کے سامنے دوسرا مؤقف یا جوابی دلیل بھی موجود ہو۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزارت خزانہ نے ایک وضاحتی بیان میں پانڈا بانڈ اور یورو بانڈ سے متعلق تمام دعوؤں کو مسترد کردیا تھا۔













