وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صاف پانی کی فراہمی سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے خراب پانی والے علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں صاف پانی کے نظام کی بہتری، اے آئی ٹیکنالوجی سے نگرانی مزید مؤثر بنانے کا اعلان
اجلاس میں بتایا گیا کہ خوشاب، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور رحیم یار خان میں قائم بوٹلنگ پلانٹس تیار کر لیے گئے ہیں اور خراب پانی والے علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی بوتلیں ٹرکوں کے ذریعے پہنچائی جائیں گی تاکہ متاثرہ آبادی کو محفوظ پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
اجلاس کے دوران خوشاب بوٹلنگ پلانٹ کی ڈیجیٹل رپورٹ پیش کی گئی، جس کے مطابق پلانٹ میں فی گھنٹہ 50 ہزار بوتلوں کی واٹر پروڈکشن کی استعداد موجود ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں خراب پانی والے علاقوں کی فوری نشاندہی کریں تاکہ وہاں صاف پانی کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے صاف پانی پراجیکٹ کے تحت مزید چار بوٹلنگ پلانٹس بھی قائم کیے جائیں گے، جبکہ صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 2 ہزار 258 واٹر فلٹریشن پلانٹس بھی تعمیر کیے جائیں گے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹر ٹینک والے کلسٹر بیسڈ پلانٹس بھی قائم کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں بہاولپور ڈویژن میں 22 جبکہ راجن پور میں 10 کلسٹر بیسڈ پلانٹس تعمیر کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: شمسی توانائی سے چلنے والا ہائیڈروجیل فضا سے پینے کا صاف پانی بنانے میں کامیاب
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بندش یا خرابی سے متعلق شکایات فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے متعلقہ اضلاع میں خراب یا بند فلٹریشن پلانٹس کی بحالی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات یقینی بنائیں تاکہ عوام کو بلا تعطل صاف پانی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔














