فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ترکیہ میں اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں، عسکری اعزاز سے نواز دیا گیا

منگل 14 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر جمہوریہ ترکیہ کے اعلیٰ سطحی سرکاری دورے پر ہیں، جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک اور دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ترکیہ پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جو پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا مظہر تھا۔

ترک قیادت سے اہم ملاقاتیں

دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ کی سیاسی اور عسکری قیادت سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی ماحول کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔

ترک جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز میں گارڈ آف آنر

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

اس موقع پر ان کی ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل سلجوق بایراکتار اوغلو سے تفصیلی ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دونوں افواج سے متعلق پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترک مسلح افواج کا ممتاز عسکری اعزاز عطا

ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل سلجوق بایراکتار اوغلو نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ اور نمایاں عسکری خدمات کے اعتراف میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ترک مسلح افواج کا ’ڈسٹنگوشڈ سروس میڈل‘ عطا کیا۔

ترک بری افواج کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک بری افواج کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں ترک بری افواج کے کمانڈر جنرل میٹن توکل نے ان کا استقبال کیا۔

دورہ ترکیہ کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جدید ترکیہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر فیلڈ مارشل نے مصطفیٰ کمال اتاترک کی مدبرانہ قیادت کو سراہتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کا بھی اعتراف کیا۔

دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان کثیرالجہتی دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا مظہر ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

وفاقی سرکاری اسپتالوں میں فوری فائر سیفٹی آڈٹ کا حکم جاری

’آپ جیکولین سے حسد کرتی تھیں‘، سکیش چندر شیکھر کا نورا فتیحی کے نام خط وائرل

نیپال میں تباہی کا انتباہ 5 ماہ قبل کیا گیا، ہمالیائی گلیشیئرز تیزی سے پگھلنے کا انکشاف

وزن نارمل ہونے کے باوجود دل کو خطرہ، کمر کا گھیر اہم علامت قرار

’ہمیں مدد کی ضرورت نہیں‘ سے ’غیرملکی مدد قبول‘، نیپال کا سیلاب پر مؤقف بدل گیا

ویڈیو

ٹرمپ کا وینزویلا سے ’تاریخ کا سب سے بڑا تیل معاہدہ‘، 65 ارب بیرل ذخائر پر امریکی کنٹرول اور پیٹرول سستا ہونے کا دعویٰ

پمز چلڈرن اسپتال یورپ و امریکا کے اسپتالوں سے بہتر بنا تھا، کام چلاؤ طریقوں نے یہاں تک پہنچایا، معروف آرکیٹیکٹ ہارون رشید

پمز سانحہ: ’ایک شخص کو ذمہ دار ٹھہرانے کے بجائے پورے ہیلتھ سسٹم کو دیکھنا ہوگا‘، پروفیسر ڈاکٹر خلیق الزمان

کالم / تجزیہ

ہم کیوں لکھتے ہیں؟

کیا امریکا ہر جنگ جیت سکتا ہے؟

جب فیصلے خوف کے تابع ہوجائیں