نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک میں تیل اور گیس کی مقامی پیداوار میں اضافہ حکومت کی توانائی تحفظ کی حکمت عملی کا اہم ترین جزو ہے، جبکہ حکومت شعبے کی ترقی کے لیے محفوظ، مستحکم اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت بدھ کو ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن سیکٹر سے متعلق کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تیل و گیس کی تلاش، گیس سیکٹر میں اصلاحات اور توانائی کے شعبے کو درپیش چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کوہاٹ میں تیل و گیس کے ذخائر دریافت: وزیراعظم کی مزید تلاش کی ہدایت
اجلاس میں کمیٹی کو اہم اقدامات پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا، شرکا کو آف شور اور آن شور تیل و گیس کی تلاش کی جاری سرگرمیوں، اس شعبے کو درپیش مسائل اور گیس سیکٹر میں جاری اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ گیس کے شعبے کی طویل المدتی ترقی کے لیے ضروری مطالعات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 chaired a meeting of the Committee on the Exploration & Production (E&P) sector.
The Committee reviewed progress on key initiatives and was briefed on ongoing offshore and onshore exploration… pic.twitter.com/jxjhw5ONGU
— Office of the Deputy Prime Minister (@DPM_PK) July 15, 2026
اجلاس میں گردشی قرضوں کے تصفیے کے لیے جاری اقدامات اور مقامی سطح پر تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار بڑھا کر درآمدی ایل این جی پر انحصار کم کرنے کی حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی رابطوں اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ مسائل کا بروقت حل یقینی بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ترک وزیرخارجہ کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ملک میں تیل اور گیس کی مقامی پیداوار بڑھانے کو ترجیح دے رہی ہے اور اس شعبے کی ترقی کے لیے ہر ممکن سرکاری تعاون اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم، وفاقی وزیر برائے بحری امور، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام اور ملک کی نمایاں ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن کمپنیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔














