وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان دعا گو ہے کہ ترکی مزید ترقی، خوشحالی اور کامیابی حاصل کرے، 15 جولائی کے واقعات نے ترک قوم کے اتحاد اور بہادری کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا۔
وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے ترکی کے یومِ جمہوریت اور قومی یکجہتی کے موقع پر صدر رجب طیب اردوان کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی نے گزشتہ کئی دہائیوں میں معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ دفاعی میدان میں بھی نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ترکیہ میں اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں، عسکری اعزاز سے نواز دیا گیا
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان نے جس انداز میں ترکی کی قیادت کی اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ آج ترکی نہ صرف ایک معاشی طاقت بلکہ ایک مضبوط دفاعی طاقت بھی بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ترک عوام اپنی حکومت اور قیادت کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑے رہے۔ 15 جولائی 2016 کی ناکام بغاوت کے دوران صدر اردوان کا قوم سے خطاب ایک فیصلہ کن لمحہ ثابت ہوا، جب انہوں نے استنبول پہنچنے اور قوم کے ساتھ مل کر ملک کے دفاع کا اعلان کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صدر اردوان کے اس پیغام کے بعد بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور ترکی کے دفاع کے لیے متحد ہو گئے۔ آج ہم ان 250 شہدا کو یاد کر رہے ہیں جنہوں نے بہادری اور جرات کے ساتھ اپنی جانیں قربان کیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ شہداکی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جاتیں۔ 15 جولائی کے 10 سال مکمل ہونے پر دنیا بھر کے دارالحکومتوں میں نہ صرف ان قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جارہا ہے بلکہ شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کا ترکیہ پر پابندیاں ختم کرنے کا اعلان، ایف-35 طیاروں کی فروخت پر بھی غور
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی نے عالمی سطح پر ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ شمالی قبرص کے معاملے پر پاکستان نے ترکی کے مؤقف کی حمایت کی، جبکہ ترکی نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دونوں ممالک کے بزرگوں نے جو مضبوط تعلقات کی بنیاد رکھی، اسے آنے والی نسلوں تک جاری رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔
انہوں نے ترکی کے نوجوان رکن پارلیمنٹ وان آذروغلو کی بہادری کا بھی ذکر کیا، جنہوں نے 15 جولائی کے واقعات کے دوران پارلیمنٹ پر حملے کے وقت جرات کا مظاہرہ کیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ آج جب ترکی اس تاریخی دن کو یاد کر رہا ہے تو ان تمام افراد کی خدمات بھی یاد رکھی جائیں گی جنہوں نے جمہوریت کے دفاع کے لیے کردار ادا کیا۔
انہوں نے ترک قیادت کا پاکستانی عوام کے لیے محبت اور یکجہتی کے اظہار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ترکی کے لیے ہمیشہ خاص محبت پائی جاتی ہے۔ پاکستانی شہری جب ترکی جاتے ہیں تو انہیں وہاں بھرپور احترام اور محبت ملتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور ترکیہ کے مابین مختلف شعبوں میں تعلقات اور بھائی چارہ مزید مضبوط اور مستحکم ہوگا، وزیراعظم
انہوں نے کہا کہ 15 جولائی کا واقعہ آنے والی نسلوں کے لیے یہ پیغام ہے کہ مشکل حالات میں اتحاد، بہادری اور عزم ہی قوموں کو مضبوط بناتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان دعا گو ہے کہ ترکی مزید ترقی، خوشحالی اور کامیابی حاصل کرے، جبکہ شہدا کی قربانیاں ترک قوم کو مزید مضبوطی فراہم کرتی رہیں۔
عطا تارڑ نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ پاکستان ہمیشہ ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا، پاکستان اور ترکی کی دوستی زندہ باد۔
انہوں نے اپنے خطاب میں سابق صدرِ پاکستان کا 1998 میں ترکی کا دورہ بھی یاد کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان محبت اور دوستی کی روایات نسل در نسل منتقل ہوتی آئی ہیں، جو دونوں قوموں کے لیے ایک قیمتی ورثہ ہیں۔












