نجکاری کمیشن اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے مالیاتی مشاورتی خدمات کے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے۔
معاہدے کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے مالیاتی مشیر کے طور پر کام کرےگا۔
مزید پڑھیں: ایئرپورٹس آؤٹ سورسنگ: ترکیہ، ملائیشیا، عرب امارات، قطر اور کویت کا دلچسپی کا اظہار
معاہدے پر ایشیائی ترقیاتی بینک، پاکستان ریزیڈنٹ مشن کی کنٹری ڈائریکٹر مس ایما فین اور نجکاری کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل شاہد دایو نے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے دستخط کیے۔
دستخط کی تقریب میں وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی نے شرکت کی۔
اس موقع پر سیکریٹری نجکاری کمیشن، سیکریٹری نجکاری ڈویژن اور ایشیائی ترقیاتی بینک، پاکستان ریزیڈنٹ مشن کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر بھی موجود تھے۔
معاہدے کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک لین دین سے متعلق جامع مشاورتی خدمات فراہم کرے گا، جن میں تکنیکی، مالی، قانونی، ماحولیاتی اور تجارتی مہارت پر مبنی خدمات شامل ہوں گی۔
معاہدے کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کی خدمات کے ذریعے ایک شفاف، مسابقتی اور مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ نجکاری کے عمل میں سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے معروف آپریٹرز اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے کی نجکاری اور ایئرپورٹس آپریشنز کی آؤٹ سورسنگ کے عمل کو تیز کیا جائے، وزیراعظم کی ہدایت
حکومت پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ نجی شعبے کے اشتراک سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی کارکردگی اور خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائےگا۔














