آئی سی سی ون ڈے رینکنگ : ابرار احمد بولنگ میں نمبر ون کے قریب، نسیم شاہ بھی اوپر آگئے، بابر اعظم کی تنزلی

بدھ 15 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے اسپنر ابرار احمد آئی سی سی ون ڈے بولنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیں، جبکہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کی رینکنگ میں بھی بہتری آئی ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ہفتہ وار ون ڈے رینکنگ کے مطابق ابرار احمد بدستور دوسرے نمبر پر موجود ہیں اور افغانستان کے اسپنر راشد خان سے صرف 7 ریٹنگ پوائنٹس پیچھے ہیں، جو اب بھی پہلی پوزیشن پر قابض ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی رینکنگز میں بہتری، پاکستانی ٹیم چوتھے نمبر پر آگئی

تازہ رینکنگ میں انگلینڈ اور بھارت کے درمیان پہلے ون ڈے اور زمبابوے کی بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے بعد کئی تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔

بیٹنگ رینکنگ میں پاکستان کے سابق کپتان بابراعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد 7ویں نمبر پر آگئے ہیں، ان کے ریٹنگ پوائنٹس 689 ہیں۔ آل راؤنڈر سلمان علی آغا بھی ایک درجہ نیچے آکر 16ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے 31ویں پوزیشن برقرار رکھی، جبکہ فخر زمان ایک درجہ تنزلی کے بعد 36ویں نمبر پر آگئے۔ صائم ایوب بھی ایک درجہ نیچے جا کر 44ویں پوزیشن پر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی رینکنگ: ٹی 20 کی ٹاپ 20 فہرست سے پاکستانی بولرز غائب

ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ بھارتی کپتان شبمن گل 11 ریٹنگ پوائنٹس کے فرق سے دوسرے نمبر پر ہیں، بھارت کے ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر برقرار ہیں۔

بولنگ رینکنگ میں پاکستان کے دیگر کھلاڑیوں میں شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ تنزلی کے بعد نویں نمبر پر آگئے، جبکہ حارث رؤف دو درجے نیچے جا کر 22ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔ نسیم شاہ ایک درجہ بہتری کے بعد 47ویں نمبر پر آگئے ہیں، جبکہ محمد وسیم جونیئر نے 69ویں پوزیشن برقرار رکھی۔

ون ڈے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں سلمان علی آغا ایک درجہ تنزلی کے بعد 11ویں نمبر پر ہیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی 21ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔ ابرار احمد ایک درجہ بہتری کے بعد 31ویں اور نسیم شاہ ایک درجہ تنزلی کے بعد 38ویں نمبر پر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی رینکنگ: بابر اعظم کی ون ڈے میں بادشاہت برقرار، ٹی ٹوئنٹی میں تنزلی

صائم ایوب ایک درجہ بہتری کے بعد 40ویں، حارث رؤف 47ویں، شاداب خان 61ویں اور محمد نواز ایک درجہ بہتری کے بعد 73ویں نمبر پر موجود ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp