آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 27 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے۔ بڑی سیاسی جماعتوں نے انتخابی مہم کو آخری مرحلے میں داخل کرتے ہوئے اپنے مرکزی قائدین کو بھی میدان میں اتار دیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری انتخابی مہم کے سلسلے میں مظفرآباد پہنچ چکے ہیں، جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف بھی 19 جولائی کو میرپور میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: ن لیگ کی مہم جاری، نواز شریف کے دورہ میرپور کا اعلان
آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں امیدواروں کی جانب سے انتخابی رابطہ مہم جاری ہے، جبکہ سیاسی جماعتیں ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کے لیے جلسوں، کارنر میٹنگز اور عوامی رابطہ مہم میں مصروف ہیں۔
’بلاول بھٹو کی انتخابی مہم کا آغاز، 4 بڑے جلسوں سے خطاب کریں گے‘
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 17 سے 24 جولائی تک آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے اور پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔
شیڈول کے مطابق بلاول بھٹو زرداری 17 جولائی کو میرپور کے حلقہ ایل اے ایک ڈڈیال میں سہ پہر 3 بجے انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے، جس کی میزبانی چوہدری افسر شاہد کریں گے۔
دوسرا جلسہ 19 جولائی کو کوٹلی میں سہ پہر 3 بجے ہوگا، جہاں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین میزبان ہوں گے، جبکہ جاوید اقبال بڈھانوی، چوہدری محمد اخلاق، ملک ظفر اقبال اور چوہدری ولید انقلابی کارکنان کے ہمراہ شرکت کریں گے۔
21 جولائی کو بلاول بھٹو مظفرآباد میں دوپہر ایک بجے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ اس جلسے کی میزبانی پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنما اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کریں گے، جبکہ مظفرآباد ڈویژن سے پارٹی امیدوار میاں عبدالوحید، سردار جاوید ایوب، سید بازل علی نقوی، سردار مختار خان، چوہدری اشفاق ظفر، دیوان علی خان چغتائی اور مبشر منیر اعوان شریک ہوں گے۔
پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم کا اختتامی جلسہ 24 جولائی کو میرپور میں شام 5 بجے منعقد ہوگا، جس کی میزبانی چوہدری یاسر سلطان کریں گے، جبکہ چوہدری پرویز اشرف، چوہدری قاسم مجید، صہیب ارشد اور خضر رحمان بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کریں گے۔
’نواز شریف 19 جولائی کو میرپور میں جلسہ کریں گے‘
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بھی اپنی انتخابی مہم تیز کر دی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف 19 جولائی کو میرپور میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے، جس کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
پارٹی قیادت کے مطابق نواز شریف کے دورے کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما اور امیدوار جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے سرگرم ہیں۔
دیگر جماعتیں بھی میدان میں
آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے پیش نظر دیگر سیاسی جماعتیں بھی بھرپور انتخابی مہم چلا رہی ہیں۔ مختلف حلقوں میں امیدوار عوامی اجتماعات، کارنر میٹنگز اور گھر گھر رابطہ مہم کے ذریعے ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
آزاد کشمیر اسمبلی کی 45 نشستوں پر براہ راست انتخابات منعقد ہوں گے، جن میں 33 نشستیں آزاد کشمیر میں ہیں، جبکہ 12 نشستیں مہاجرین مقیم پاکستان کے لیے مختص ہیں۔
آزاد کشمیر کا ایوان 53 ارکان پر مشتمل ہے، جن میں 45 نشستوں پر براہ راست انتخابات ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ خواتین کے لیے 5 مخصوص نشستیں ہیں، جبکہ ٹیکنوکریٹ، علما و مشائخ اور اوورسیز کے لیے ایک ایک نشست مختص ہے۔
استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) اب تک ریاست میں کوئی بڑی سیاسی سرگرمی کرنے میں ناکام رہی ہے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کا بائیکاٹ کیا ہوا ہے، تاہم مسلم کانفرنس کی انتخابی مہم جاری ہے۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: مسلم لیگ ن انتخابی مہم کا آغاز کرکے دیگر سیاسی جماعتوں پر بازی لے گئی
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق نواز شریف اور بلاول بھٹو کے انتخابی جلسوں سے خطاب سے آزاد کشمیر میں الیکشن کا ایک ماحول بنے گا، اور کارکنان متحرک ہوں گے، جس سے سیاسی عمل میں تیزی آئےگی۔












