آزاد کشمیر انتخابات: مسلم لیگ ن انتخابی مہم کا آغاز کرکے دیگر سیاسی جماعتوں پر بازی لے گئی

اتوار 28 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد کشمیر کے آئندہ عام انتخابات کے لیے پولنگ 27 جولائی کو ہوگی، جس کے لیے سیاسی جماعتوں نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے، اور مسلم لیگ ن سب سے پہلے انتخابی مہم کا آغاز کرکے سب پر بازی لے گئی۔

پاکستان مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر میں آئندہ عام انتخابات کے لیے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیے ہیں، جس کے بعد امیدوار اپنے اپنے حلقوں میں سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہوگئے ہیں۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: 45 حلقوں سے 1265 امیدوار میدان میں، 41 کے کاغذات مسترد

پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے نیلم سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے، وہ نیلم کے دونوں حلقوں سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔

اس کے علاوہ سابق وزیراعظم راجا فاروق حیدر چکار جہلم ویلی میں میں سیاسی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں، جبکہ سیکریٹری جنرل ن لیگ طارق فاروق بھمبر اور سینیئر نائب صدر مشتاق منہاس وسطی باغ میں لوگوں کو اپنے ساتھ ملانے کے لیے متحرک ہیں۔

مسلم لیگ ن کے دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی اپنے اپنے حلقوں میں انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے، کوٹلی سٹی سے مسلم لیگ ن کے نوجوان امیدوار اسمبلی راجا فاتح محمود کیانی بھرپور طریقے سے اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتیں ابھی تک باضابطہ انتخابی مہم کا آغاز نہیں کر سکیں، تاہم تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم کانفرنس اور دیگر سیاسی جماعتوں نے انتخابی حکمت عملی ترتیب دے دی ہے، اور جلد ہی ریاست بھر میں بڑے انتخابی جلسے ہونے کا امکان ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف آزاد کشمیر میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں، جبکہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سمیت دیگر سینیئر رہنماؤں کے بھی آزاد کشمیر جانے کا امکان ہے جس سے انتخابی ماحول دلچسپ ہونے کا امکان ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔

دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی ہے، جس کے بعد 45 حلقوں سے 1265 امیدواروں میں سے 41 کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے 33 حلقوں سے 1047 امیدواروں جبکہ مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کے 12 حلقوں سے 218 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

ترجمان نے بتایا کہ 45 حلقوں میں جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران 41 امیدواروں کے کاغذات مسترد کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: کون سے سابق وزرائے اعظم اس معرکے کا حصہ ہیں؟

’کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا مرحلہ جاری ہے، جس کے لیے آج آخری دن ہے۔‘

الیکشن کمیشن کے مطابق اپیلوں کی سماعت 29 اور 30 جون کو ہوگی، جبکہ یکم اور 2 جولائی کو اپیلوں پر کارروائی مکمل کرکے حتمی فیصلے جاری کیے جائیں گے۔ اس کے بعد آزاد کشمیر انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp