کینیڈا کی مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف، 45 ملین ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

پیر 20 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کے لیے 47 ملین ڈالر سے زیادہ مالیت کے ترقیاتی اور سیکیورٹی منصوبوں کا اعلان کیا ہے، جبکہ 45 ملین ڈالر مالیت کے 3 نئے ترقیاتی منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔

انیتا آنند پیر کو اسلام آباد پہنچیں، جہاں وہ قریباً 2 دہائیوں کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی پہلی کینیڈین وزیر خارجہ ہیں۔ دورے کے دوران انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، معدنیات، علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں:اسحاق ڈار اور انڈونیشی وزیر اقتصادی امور کی ملاقات، دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھ رہی ہے۔ امریکا نے پیر کے روز ایران کے اندر نئے فضائی حملوں کا دعویٰ کیا، جبکہ تہران نے شام اور اردن میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔

اس موقع پر اسحاق ڈار کے ساتھ مشترکہ پریس گفتگو میں کینیڈین وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ مشرقِ وسطیٰ، بالخصوص ایران سے متعلق علاقائی کشیدگی کے پرامن اور پائیدار حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے مذاکرات کے ذریعے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے، جس پر ہم اس کی کوششوں کو تسلیم کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ کینیڈا مشرقِ وسطیٰ اور خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش رکھتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔

کینیڈین وزیر خارجہ نے پاکستان کو کینیڈا کی تجارتی تنوع کی حکمت عملی کا ایک اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ کینیڈا انٹرپول، اقوام متحدہ اور دیگر شراکت دار اداروں کے ذریعے پاکستان میں 22 لاکھ ڈالر سے زیادہ مالیت کے 3 نئے سیکیورٹی منصوبوں پر سرمایہ کاری کرے گا۔

ان کے مطابق ان منصوبوں کے ذریعے سرحدی انتظام، دہشتگردی کے انسداد، مالی جرائم کی روک تھام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ تربیت میں معاونت فراہم کی جائے گی۔

انیتا آنند نے پاکستان کے لیے 45 ملین ڈالر مالیت کے 3 نئے ترقیاتی منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان منصوبوں کا مقصد موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں پاکستانی کمیونٹیز کی مدد، قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ، خصوصاً بچیوں کی تعلیم تک رسائی کو بہتر بنانا اور حالیہ برسوں میں شدید سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی میں تعاون فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان تعلیم، توانائی، کان کنی، اہم معدنیات، زراعت، بنیادی ڈھانچے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت ترجیحی شعبوں میں کینیڈین سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری اداروں کے درمیان روابط بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

پاکستان اور کینیڈا کے سفارتی تعلقات 1947 سے قائم ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم 2025 میں 1.2 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے، جبکہ زرعی خوراک، مینوفیکچرنگ اور صارفین کی مصنوعات کے شعبوں میں تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے۔ کینیڈا میں 3 لاکھ سے زیادہ پاکستانی نژاد افراد بھی مقیم ہیں۔

مزید پڑھیں: کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کا دورۂ پاکستان، اسحاق ڈار سے ملاقات میں ترجیحی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق

دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کی ایک اہم مثال بلوچستان کا ریکوڈک سونے اور تانبے کا منصوبہ بھی ہے، جسے کینیڈا کی معروف کان کنی کمپنی بیرک گولڈ پاکستان کی وفاقی اور بلوچستان حکومت کے اشتراک سے ترقی دے رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp