10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کی ’افسر‘ بلی کی جانب سے نئے وزیراعظم اینڈی برنہم کا استقبال، اپنی پسند ناپسند سے بھی آگاہ کردیا

پیر 20 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانیہ کے وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کی مشہور بلی لیری کیٹ نے پیر کے روز اپنے 7ویں وزیراعظم اینڈی برنہم کا استقبال کرتے ہوئے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی۔

لیری کیٹ کے ایکس اکاؤنٹ سے نئے وزیراعظم کی آمد پر مزاحیہ انداز میں پیغام جاری کیا گیا کہ ’سیاست دان آتے جاتے رہتے ہیں، بلیاں ہمیشہ رہتی ہیں‘۔

نئے حکمرانوں کے لیے مزاحیہ انداز میں ہدایات بھی جاری کی گئیں جن میں کہا گیا کہ ’لیری کو صبح 9 بجے ناشتہ، ساڑھے 10 بجے برنچ اور دوپہر 12 بجے کھانا پسند ہے جبکہ درمیان میں خوب اسنیکس بھی چاہییں، باقی کام تو بہت آسان ہے۔

چوہے پکڑنے کے لیے لائی گئی، مگر خود ایک ادارہ بن گئی

لیری کیٹ کو 15 فروری 2011 کو وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے دور میں لندن کے ایک جانوروں کے شیلٹر سے گود لیا گیا تھا۔ اس وقت اس کی عمر تقریباً 4 سال بتائی جاتی تھی اور اسے 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں چوہوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پانے کے لیے لایا گیا تھا۔

آج لیری کو سرکاری طور پر ’چیف ماؤسر ٹو دی کیبینیٹ آفس‘ (کابینہ آفس کی چیف چوہا شکاری) کا اعزاز حاصل ہے۔

ڈاؤننگ اسٹریٹ کی ویب سائٹ پر موجود اس کی سرکاری سوانح میں لکھا گیا ہے کہ چوہے پکڑنے کے علاوہ لیری مہمانوں کا استقبال کرتا ہے، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتا ہے اور قدیم فرنیچر پر آرام کرنے کے لیے بہترین جگہوں کا انتخاب بھی کرتا ہے۔

6 وزیراعظم گزر گئے، لیری اپنی جگہ برقرار

لیری گزشتہ 15 برس کے دوران ڈیوڈ کیمرون، تھریسا مے، بورس جانسن، لز ٹرس، رشی سونک، کیئر اسٹارمر اور اب اینڈی برنہم سمیت 7 مختلف وزرائے اعظم کے ساتھ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں رہ چکی ہے۔

اس نے بریگزٹ، کورونا وبا، پارٹی گیٹ اسکینڈل اور لز ٹرس کے صرف 49 روزہ دورِ اقتدار سمیت برطانوی سیاست کے کئی بڑے بحران دیکھے مگر خود ہمیشہ اپنی جگہ برقرار رہی۔

غیر ملکی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں

تقریباً 19 سالہ لیری اکثر غیر ملکی رہنماؤں کی آمد پر بھی سرکاری رہائش گاہ کے باہر نظر آتی ہے۔

گزشتہ برس دسمبر میں یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کی آمد پر بھی لیری نے دروازے پر موجود رہ کر میڈیا کی توجہ حاصل کی تھی۔

9 لاکھ سے زائد فالوورز والی ‘کیٹ فلوئنسر’

لیری کیٹ کا ایکس اکاؤنٹ، جسے ایک نامعلوم شخص چلاتا ہے، 9 لاکھ سے زائد فالوورز رکھتا ہے۔

اس اکاؤنٹ پر لیری اکثر مزاحیہ اور طنزیہ انداز میں برطانوی سیاست، ریفارم یو کے پارٹی کے رہنماؤں اور بعض اوقات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر بھی تبصرے کرتی رہتی ہے۔

لیری کی ابتدائی زندگی پر 2011 میں ’دی لیری ڈائریز‘ کے نام سے ایک کتاب بھی شائع کی جا چکی ہے۔

اب نئے وزیراعظم کے کتے کے ساتھ رہنا ہوگا؟

گزشتہ 2 برس کے دوران لیری نے سابق وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے خاندان کی بلیوں جوجو اور پرنس کے ساتھ رہائش اختیار کیے رکھی۔

تاہم اب برطانوی میڈیا کی توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ نئے وزیراعظم اینڈی برنہم کے خاندان کے پاس ایک کتا بھی موجود ہے اور ابھی یہ واضح نہیں کہ آیا وہ بھی 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ منتقل ہوگا یا نہیں۔ اگر ایسا ہوا تو لیری کے لیے یہ ایک نیا اور دلچسپ تجربہ ثابت ہو سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp