چینی وزیراعظم لی چیانگ کی بیجنگ میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات

پیر 24 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے بیجنگ میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت باہمی تعاون کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔

اردن کے شاہی دربار کے مطابق ملاقات کے دوران شاہ عبداللہ دوم نے چین کو اردن کا ایک اہم اقتصادی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اردن دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے چین کے ساتھ مزید کام کرنے کا خواہاں ہے۔

شاہ عبداللہ دوم کا موجودہ دورہ چین ان کا مجموعی طور پر نواں دورہ ہے، جبکہ 2015 کے بعد چین کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ دورے کے دوران انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ چین اس وقت اردن کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم تقریباً 6.7 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔

دوسری جانب چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی سے بھی ملاقات کی۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں ممالک نے آئندہ سال سفارتی تعلقات کے 50 سال مکمل ہونے سے قبل اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال خصوصاً غزہ جنگ پر بھی بات چیت ہوئی۔ وانگ یی نے کہا کہ فلسطینی مسئلہ خطے کے استحکام کا بنیادی معاملہ ہے اور اسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے غزہ میں مستقل جنگ بندی کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر زور دیا، جبکہ ایمن الصفدی نے دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہوئے عرب امن کوششوں میں چین کے کردار کو سراہا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp