بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 10 دہشتگرد ہلاک، 2 خاتون خودکش حملہ آور گرفتار، آئی ایس پی آر

بدھ 22 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگرد گروہوں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران گزشتہ 48 گھنٹوں میں 10 دہشتگرد ہلاک جبکہ 2 خاتون خودکش حملہ آوروں اور ایک سہولتکار کو گرفتار کر لیا گیا۔

مزید پڑھیں:آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام سمر کیمپ، 4 ہزار طلبہ کی شرکت

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع سوراب اور ضلع مستونگ میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر مشترکہ سرچ اور ٹارگٹڈ آپریشنز کیے گئے۔ سوراب میں کارروائی کے دوران 7 جبکہ مستونگ میں 3 دہشتگرد مارے گئے۔

بیان کے مطابق مستونگ میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والی 2 خاتون خودکش حملہ آوروں اور ایک مبینہ سہولتکار کو بھی گرفتار کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی مبینہ دہشتگرد یا اس کے سہولتکار کو گرفتار کیا جا سکے۔ بیان میں کہا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ عزمِ استحکام وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

صدر زرداری کا بلوچستان میں 10 دہشتگردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 10 دہشتگردوں کی ہلاکت پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

مزید پڑھیں:ڈی جی آئی ایس پی آر کی زبان محتاط تھی، مجھے اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی آزادی ہے، خواجہ آصف

ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر زرداری نے کہا کہ بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم مبینہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیاں قومی امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ بیرونی مداخلت کی وجہ سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور پاکستان اس خطرے کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک میں امن کے قیام کے لیے ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے آپریشن کے دوران 10 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے اور 2 خودکش بمبار خواتین سمیت ایک سہولتکار کو گرفتار کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

مزید پڑھیں: گرفتار خارجی سہولتکار کے دہشتگردی اور بھتہ خوری سے متعلق اہم انکشافات، غیر قانونی مدارس کی نگرانی پر زور

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کسی کو بھی بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگرد بلوچستان اور اس کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں، جبکہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ خود اور پوری قوم وطنِ عزیز کے دفاع اور امن و استحکام کے قیام کے لیے افواجِ پاکستان کے غیر متزلزل عزم میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp