ایپل اپنے اسٹور ایپ میں مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک نئے ورچوئل شاپنگ معاون پر کام کر رہا ہے، جو صارفین کو ایپل کی مصنوعات خریدنے میں مدد فراہم کرے گا۔ یہ بات کمپنی کے رازداری سے متعلق تازہ پالیسی متن میں سامنے آئی ہے، تاہم ایپل نے ابھی تک اس فیچر کا باضابطہ اعلان نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل کے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 27 کے ممکنہ فیچرز سامنے آگئے، اے آئی پر توجہ مرکوز
ٹیکنالوجی ویب سائٹ میک رومرز کے مطابق ایپل اس شاپنگ معاون کی آزمائش محدود صارفین کے ساتھ کر رہا ہے اور ممکنہ طور پر بعد میں اسے زیادہ صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
شاپنگ معاون کیسے کام کرے گا؟
یہ مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ ہوگا، جس میں صارف ایپل کی مصنوعات سے متعلق سوالات کر سکیں گے۔ یہ نظام صارف کے پاس موجود ایپل ڈیوائسز، پسند، خریداری کے رجحانات اور دیگر معلومات کی بنیاد پر ذاتی نوعیت کی تجاویز فراہم کرے گا۔
ایپل کی رازداری پالیسی کے مطابق اس فیچر کے لیے اکاؤنٹ کی معلومات، ڈیوائس کی شناخت، موبائل نیٹ ورک کی معلومات، چیٹ کا ریکارڈ اور صارف کی اجازت کی صورت میں مقام سے متعلق معلومات استعمال کی جا سکتی ہیں۔
چیٹ ریکارڈ اور رازداری کا معاملہ
ایپل کی پالیسی میں بتایا گیا ہے کہ صارفین کی گفتگو سے متعلق معلومات شراکت دار اداروں کے ساتھ بھی شیئر کی جا سکتی ہیں تاکہ بہتر جوابی سہولت فراہم کی جا سکے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ نظام ممکنہ طور پر صرف ایپل کے اپنے مصنوعی ذہانت ماڈلز پر انحصار نہیں کرے گا بلکہ دیگر اداروں کی ٹیکنالوجی بھی استعمال کرسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل کا انقلابی قدم، معذور افراد کے لیے اے آئی سے لیس حیرت انگیز فیچرز متعارف کروا دیا
ایپل کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ایپل اس مقصد کے لیے کسی معروف مصنوعی ذہانت کمپنی کی خدمات حاصل کرے گا یا کسی اور ادارے کے ساتھ کام کرے گا۔
ایپل کا کہنا ہے کہ شراکت داروں کو معلومات فراہم کرنے سے پہلے صارف کی شناخت ظاہر کرنے والی تفصیلات ہٹا دی جائیں گی۔ تاہم گفتگو کا پس منظر، ڈیوائس سے متعلق معلومات اور خریداری کی عادات جیسی معلومات نظام کو بہتر تجاویز دینے کے لیے استعمال کی جا سکتی ہیں۔
ایپل پہلے بھی معاون متعارف کرا چکا ہے
ایپل نے اپنی سپورٹ ایپ میں بھی ایک مصنوعی ذہانت معاون شامل کیا ہے، لیکن یہ سہولت ابھی محدود صارفین تک دستیاب ہے۔ سپورٹ معاون بنیادی طور پر ایپل کی دستاویزات کی بنیاد پر سوالات کے جواب دیتا ہے، جبکہ اسٹور ایپ کا نیا معاون خریداری کے فیصلوں میں مدد دینے کے لیے زیادہ وسیع صلاحیتوں کا حامل ہوگا۔














