گوگل اپنے مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ جیمنی میں ایک ایسا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جس کے ذریعے نینو بنانا ٹول سے تیار کی جانے والی تصاویر پر موجود نمایاں واٹر مارک ہٹایا جا سکے گا۔
رپورٹس کے مطابق گوگل ایپ کے نئے ورژن کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ کمپنی ‘واٹر مارک سیٹنگز’ کے نام سے ایک نیا آپشن شامل کرنے پر کام کررہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل نے اعلیٰ کارکردگی کا حامل نیا اے آئی ماڈل جیما 4 متعارف کروا دیا
یہ تبدیلی ان صارفین کی شکایات کے بعد سامنے آئی ہے جو تصاویر پر موجود گوگل کے نمایاں لوگو کو ناپسند کرتے تھے۔ رواں ماہ جیمنی، اے آئی اسٹوڈیو اور گوگل لیبز کے نائب صدر جوش ووڈورڈ نے صارفین سے ان کی بڑی شکایات پوچھی تھیں، جن میں واٹر مارک ہٹانے کا مطالبہ سرفہرست تجاویز میں شامل تھا۔
رپورٹ کے مطابق گوگل تصاویر پر موجود صرف نمایاں لوگو ہٹانے کی سہولت دے سکتا ہے، جبکہ تصاویر کی شناخت کے لیے استعمال ہونے والے غیر مرئی واٹر مارک بدستور برقرار رہیں گے۔
کمپنی کی سنتھ آئی ڈی اور سی ٹو پی اے جیسی ٹیکنالوجیز کے ذریعے اے آئی سے تیار کردہ تصاویر کی شناخت ممکن رہے گی، اس لیے تصاویر کی اصل شناختی معلومات متاثر نہیں ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: فیگما اور گوگل میں شراکت، جیمنی اے آئی اب ڈیزائن پلیٹ فارم کا حصہ
ابھی یہ واضح نہیں کہ واٹر مارک ہٹانے کی سہولت صرف نئی تیار ہونے والی تصاویر کے لیے ہوگی یا پہلے سے بنائی گئی تصاویر پر بھی اس کا اطلاق ہوگا۔
واضح رہے کہ چیٹ جی پی ٹی، مڈ جرنی اور اسٹیبل ڈفیوژن پر مبنی کئی پلیٹ فارمز پہلے ہی اپنی اے آئی تصاویر سے نمایاں واٹر مارک ختم کر چکے ہیں، جبکہ گوگل کا اے آئی اسٹوڈیو بھی اب تصاویر پر ایسا واٹر مارک استعمال نہیں کرتا۔














