مون سون بارشوں کا زور برقرار، مختلف علاقوں میں سیلاب اور رابطے منقطع

اتوار 26 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

ملک کے مختلف حصوں میں جاری مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کر دیے ہیں۔ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں دریا، ندی نالے بپھر گئے، متعدد سڑکیں بند ہو گئیں، کئی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، جبکہ محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مزید بارشوں اور ممکنہ سیلاب سے خبردار کیا ہے۔

ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر، مواصلاتی رابطے منقطع اور نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے سے میانوالی میں حفاظتی بند ٹوٹ گیا، جس کے نتیجے میں پانی قریبی آبادیوں میں داخل ہوگیا۔ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں، جبکہ بند کی مرمت کے لیے ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔

دوسری جانب دریائے راوی میں نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ محکمہ آبپاشی کے مطابق دریا میں پانی کے بہاؤ پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سندھ کے ضلع دادو میں گاج ندی میں طغیانی کے باعث 10 سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ کئی علاقوں میں لوگوں کو آمدورفت کے لیے کشتیوں کا سہارا لینا پڑ رہا ہے، جبکہ مقامی انتظامیہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔

ادھر تھرپارکر کے علاقے ننگرپارکر میں مسلسل بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں گزشتہ دو روز کے دوران 150 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں، تاہم مقامی افراد نے بارش کو صحرائی علاقے کے لیے رحمت قرار دیا ہے۔

گلگت بلتستان میں چلاس اور گردونواح میں موسلا دھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، جس کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں۔ استور ویلی روڈ گزشتہ 6 روز سے بند ہے، جس کے نتیجے میں علاقے میں اشیائے خورونوش اور ضروری سامان کی قلت پیدا ہونے لگی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بھاری مشینری کے ذریعے سڑک بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات بھی اچھی بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم کئی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج سندھ، جنوبی پنجاب، مشرقی بلوچستان اور بالائی علاقوں کے بعض مقامات پر مزید تیز بارشیں ہو سکتی ہیں، جبکہ پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خدشہ برقرار ہے۔

دوسری جانب این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برساتی ندی نالوں اور سیلابی ریلوں کے قریب جانے سے احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp