لاہور سمیت کئی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی

پیر 27 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بعض مقامات پر پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 28 جولائی تک ایسی بارشوں کا امکان نہیں جو بڑے پیمانے پر سیلاب کا سبب بنیں، تاہم 29 جولائی سے مون سون کا ایک نیا اور زیادہ وسیع سلسلہ بالائی دریائی کیچمنٹ ایریاز، اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو اپنی لپیٹ میں لے گا، جس سے بارشوں کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق مجموعی طور پر دریاؤں کی صورتحال قابو میں ہے، اگرچہ دریائے چناب اور راوی کے بعض مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول سے زیادہ ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ اور دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہے، جبکہ دریائے سندھ میں تربیلا، دریائے کابل میں نوشہرہ اور دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔

ڈویژن نے بتایا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مرالہ کے مقام پر دریائے چناب اور بلوکی کے مقام پر دریائے راوی میں پانی کی سطح نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ دریائے راوی پر سدھنائی کا مقام بلند وارننگ کی حد کے سب سے قریب ہے۔ اسی طرح آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو کے مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے متعدد اضلاع میں 27 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نورپور تھل میں سب سے زیادہ 115 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ گوجرانوالہ میں 107 اور گجرات میں 94 ملی میٹر بارش ہوئی۔ لاہور میں گزشتہ پانچ روز کے دوران مجموعی طور پر 450 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔

ادھر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل عمر عباس میلہ نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، نشیبی ندی نالوں میں اچانک سیلاب اور مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو دریاؤں اور ندی نالوں کے اطراف دفعہ 144 کے سخت نفاذ کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ عوام کو خطرناک مقامات پر جانے سے روکا جا سکے۔ صوبائی پالیسی کے تحت بارشوں یا سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

دوسری جانب سندھ میں محکمہ موسمیات نے کراچی میں آئندہ 2 روز کے دوران مطلع جزوی ابر آلود، موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی کی پیش گوئی کی ہے۔ اس کے برعکس تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین اور سانگھڑ سمیت اندرون سندھ کے کئی اضلاع میں درمیانی سے موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرۂ عرب سے آنے والی طاقتور مون سون ہوائیں جنوبی اور وسطی پاکستان پر مسلسل اثر انداز ہو رہی ہیں، جس کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے سبب کمزور عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم آج پاکستان پہنچے گی، 4 بین الاقوامی ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے

بھارت میں طلبہ تحریک نے سیاسی منظرنامہ بدل دیا، مودی حکومت پہلی بار دفاعی پوزیشن اختیار کرنے پر مجبور: برطانوی اخبار

پاکستان اور امریکا کے درمیان کاروباری و سرمایہ کاری تعاون کا نیا باب، 40 رکنی امریکی وفد پاکستان پہنچے گا

فیصل آباد میں حیران کن منظر، آگ بجھانے کے ایمرجنسی سسٹم سے شہری ہاتھ منہ دھونے لگے، ویڈیو وائرل

تربت: فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد عثمان سے والدہ کا اعلانِ لاتعلقی

ویڈیو

جمہوری عمل ہی مسائل کا حل، آزاد کشمیر کے شہری ووٹ ڈالنے کے لیے پُرعزم، بھرپور جوش و خروش

آزاد کشمیر میں الیکشن کا پہلا مرحلہ، میرپور ڈویژن میں پولنگ جاری، سخت سیکیورٹی انتظامات

پہلا ٹیسٹ: پہلی انگز میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 311 رنز پر آؤٹ، محمد علی کے 4 شکار

کالم / تجزیہ

دو ہم سفر دو ہم عصر: منیر نیازی اور محمد سلیم الرحمان

ہوا دان، منگھ، بادگیر یا بادکش

قائداعظم کے بارے میں سازشی تھیوریز نہ گھڑیں