محکمہ موسمیات نے 29 جولائی سے 5 اگست تک ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشوں کے ایک نئے اور طاقتور سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے اربن فلڈنگ، فلیش فلڈز اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات سے خبردار کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں 29 جولائی سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی، جبکہ یکم اگست سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بھی ان علاقوں میں شدت اختیار کرے گا، جس کے باعث کئی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں:ملک بھر میں شدید بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات کا سیلابی انتباہ
28 جولائی کی رات سے 5 اگست تک آزاد کشمیر کے مظفرآباد، میرپور، راولاکوٹ اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، جبکہ پنجاب اور اسلام آباد میں 29 جولائی سے 4 اگست کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور دیگر اضلاع میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
جنوبی پنجاب کے ملتان، ڈی جی خان اور بہاولپور سمیت دیگر علاقوں میں 31 جولائی سے 3 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں 29 جولائی سے 5 اگست تک پشاور، سوات، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن اور دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں اور بارشوں کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں 28 جولائی کی رات سے 6 اگست تک اسکردو، ہنزہ، گلگت اور دیگر علاقوں میں درمیانی اور تیز بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
Pakistan floods force residents to flee by boat
Heavy monsoon rains have submerged villages in eastern Pakistan, forcing residents to leave their homes and seek safety by boat on Monday.
Flood-related incidents have killed 109 people since June 26, pic.twitter.com/suHpuq28wK
— ɢʟᴏʙᴀʟʙʀɪᴇꜰꜱ (@globriefs) July 28, 2026
بلوچستان کے ژوب، قلات، خضدار، گوادر اور دیگر علاقوں میں 31 جولائی کی رات سے 3 اگست تک جبکہ سندھ کے کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور دیگر اضلاع میں 31 جولائی کی رات سے 2 اگست تک بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 30 جولائی سے 4 اگست کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ سندھ کے نواب شاہ، سکھر، حیدرآباد اور میرپورخاص سمیت مختلف شہروں میں بھی پانی جمع ہونے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں:آج کہاں بارش ہوگی اور کہاں گرمی ستائے گی؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی
الرٹ کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، مری، گلیات، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، جبکہ کشمیر، اسلام آباد، خیبرپختونخوا کے ندی نالوں اور ڈی جی خان و بلوچستان کے پہاڑی سلسلوں میں فلیش فلڈز کا خطرہ ہے۔ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے باعث کمزور عمارتوں، سولر پینلز اور بجلی کے کھمبوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو دوران سفر احتیاط برتنے اور کسانوں کو موسمی حالات کے مطابق فصلوں اور مال مویشیوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔













