حکومت آزاد کشمیر نے کہا ہے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی میں اب بڑی تعداد میں شرپسند عناصر اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں، جو صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سیکریٹری اطلاعات آزاد جموں و کشمیر و ترجمان آزاد کشمیر پولیس نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ آزاد کشمیر میں جمہوری عمل کے تسلسل کے لیے انتخابی مرحلہ جاری ہے، جہاں پہلی بار میرپور ڈویژن میں کامیاب انتخابات کا انعقاد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کالعدم ایکشن کمیٹی کی ہر دھونس اور انتشار کا جواب دیا جائےگا، حکومت آزاد کشمیر، تعلیمی اداروں کے لیے انتباہ
حکام کے مطابق بعض عناصر نے انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے اور عوام کو انتخابات سے دور رکھنے کی کوشش کی، تاہم عوام نے اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بڑی تعداد میں انتخابی عمل میں شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ عوام اپنے مسائل کا حل جمہوری طریقے سے چاہتے ہیں اور انتخابات میں بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگوں کا جمہوری نظام پر اعتماد برقرار ہے۔
حکام کے مطابق میرپور ڈویژن میں انتخابی مرحلہ مکمل ہونے کے بعد بعض شرپسند عناصر کی جانب سے راولاکوٹ میں ایسے اقدامات کیے گئے جن کا مقصد انتخابی عمل کے اگلے مرحلے کو متاثر کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کی بنیادی ذمہ داری امن و امان کا قیام اور جمہوری عمل کا تسلسل یقینی بنانا ہے، جسے ہر صورت پورا کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: الحاقِ پاکستان کشمیریوں کی اصل منزل، کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی میں اکثریت پی ٹی آئی کے لوگوں کی ہے، شاہ غلام قادر
انہوں نے کہا کہ نام نہاد عوامی ایکشن کمیٹی میں عام لوگوں کے علاوہ بڑی تعداد میں شرپسند عناصر اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں، جن کے حوالے سے شواہد ویڈیو کلپس کی صورت میں موجود ہیں۔
حکام نے الزام عائد کیا کہ سوشل میڈیا پر پرانی ویڈیوز اور گمراہ کن معلومات دوبارہ پھیلائی جا رہی ہیں تاکہ یہ تاثر دیا جا سکے کہ یہ صرف عوامی حقوق کی تحریک ہے، تاہم صورتحال اس کے برعکس ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض عناصر خواتین اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں تاکہ اپنے مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔
حکام کے مطابق سیکیورٹی ادارے امن و امان برقرار رکھنے اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ راولا کوٹ میں ایک مسلح شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، جس کے قبضے سے جدید ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی پروپیگنڈا نیٹ ورک بے نقاب، کالعدم ایکشن کمیٹی کا گٹھ جوڑ ثابت ہوگیا، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ
ڈی آئی جی عرفان مسعود ہاشمی نے کہا کہ بعض مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کی اطلاعات ہیں، جبکہ سیکیورٹی فورسز صرف دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے کارروائی کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو یہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ وہ طاقت کے ذریعے راولا کوٹ یا کسی بھی علاقے پر قبضہ کر سکتا ہے، ریاستی ادارے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔













