اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو نے نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کی جانب سے اپنی گرفتاری کے بار بار مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے ستمبر میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک جانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
منگل کے روز وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے بعد ‘فاکس نیوز’ کے شو ’ہینیٹی‘ (Hannity) میں گفتگو کرتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا ’میں نیویارک جا رہا ہوں۔ میں اس نفرت انگیز منتخب عہدیدار کے منہ پر ’سچ‘ کہوں گا جو نیویارک کے شہریوں کو ایک دوسرے کے خلاف کر رہا ہے اور انہیں نیویارک کے یہودیوں کے خلاف بھڑکا رہا ہے۔‘
واضح رہے کہ میئر ظہران ممدانی غزہ اور لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور مبینہ مظالم پر نیتن یاہو کے شدید ناقد رہے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں اسرائیلی وزیراعظم کو ’جنگی مجرم‘ اور ’فلسطینی عوام کی نسل کشی کا ماسٹر مائنڈ‘ قرار دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے نیتن یاہو جنگی مجرم ضرور لیکن قانون گرفتاری کا اختیار نہیں دیتا، ظہران ممدانی مؤقف سے پیچھے ہٹ گئے
اگرچہ ممدانی نے اعتراف کیا کہ سٹی انتظامیہ کے پاس عالمی فوجداری عدالت (ICC) کے وارنٹ کے تحت نیتن یاہو کو گرفتار کرنے کا قانونی اختیار نہیں ہے، لیکن انہوں نے وفاقی حکام سے ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔ نیویارک کے سابق میئر بل ڈی بلازیو نے بھی نیتن یاہو کی گرفتاری کے اس مطالبے کی حمایت کی ہے۔
نیتن یاہو نے ان الزامات کے جواب میں میئر ممدانی پر نفرت پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ’کیا ہم 1930ء کے دور میں جی رہے ہیں؟ یہ کیا طریقہ ہے؟ اتنی نفرت اور اتنے جھوٹ!‘
عالمی فوجداری عدالت پر شدید تنقید
انٹرویو کے دوران نیتن یاہو نے عالمی فوجداری عدالت (ICC) کو ’ایک فاسد، کرپٹ اور شر انگیز تنظیم‘ قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ عدالت انہیں جنگی مجرم قرار دیتی ہے لیکن حماس پر کوئی اقدام نہیں کرتی۔
یہ بھی پڑھیے نیتن یاہو جنگی مجرم، اس کی جگہ جیل ہے، ظہران ممدانی ستمبر میں اسرائیلی وزیراعظم کو گرفتار کرنے پر بضد
انہوں نے کہا ’انہوں نے حزب اللہ پر کوئی چارج نہیں لگایا… حماس کے جس رہنما پر الزام لگایا گیا، وہ پہلے ہی ہلاک ہو چکا ہے۔ اس لیے یہ سب ڈرامہ اور جعلی ہے اور یہ ایک بڑا جھوٹ ہے۔‘
اسرائیلی رہنما نے خبردار کیا کہ یہ غیر منتخب بیوروکریسی کل کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یا دہشتگردی کے خلاف لڑنے والے امریکی فوجیوں کو بھی جنگی مجرم قرار دے سکتی ہے۔













